سعودی عرب کی جانب سے غزہ کے عوام کے لیے امدادی سامان لے کر 53 واں طیارہ منگل 4 جون کو مصرکے العریشں انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچ گیا۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان مرکز برائے امداد وانسانی خدمات کے تحت وزارت دفاع کے تعاون سے غزہ کے متاثرین کےلیے بھیجے گئے طیارے میں فوڈ باسکٹس موجود ہیں، انہیں زمینی راستے سے غزہ بھیجا جائے گا۔
یہ امداد سعودی عرب کے انسانی کردار کے فریم ورک کے تحت آتی ہے جس کا مقصد مختلف بحرانوں اور مصائب میں برادر فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑے رہنا ہے۔
یاد رہے کہ شاہ سلمان مرکز غزہ پٹی کے متاثرین کی مدد کے لیے فضائی اور بحری پل قائم کیے ہوئے ہے۔
غزہ میں وزارت صحت نے بدھ کو کہا ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان آٹھ ماہ سے جاری جنگ کے دوران کم ازکم 37 ہزار 202 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔