Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

موسمیاتی مرکز کی حجاج کو ہدایت ، ’دھوپ سے بچیں‘

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ حجاج پانی کا استعمال زیادہ کریں(فوٹو، اردونیوز)
ایام حج کے حوالے سے قومی مرکز برائے موسمیات کا کہنا ہے کہ حجاج کرام دھوپ کی تپش سے بچنے کےلیے چھتری کا استعمال لازمی کریں۔
منی میں قائم موسمیاتی مرکز کے ہنگامی سیل کے ذمہ دار کا کہنا ہے کہ جمعرات کو سایہ میں درجہ حرارت 43 ڈگری سے زائد رہنے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق جمعرات بمطابق 13 جون سے حج ایام کا آغاز ہو رہا ہے ۔  وزارت صحت اور موسمیاتی مرکز کی جانب سے مختلف ممالک سے آنے والے حجاج کی رہنمائی کے لیے موبائل فونز پر متعدد زبانوں میں آگاہی پیغامات ارسال کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔
 مکہ مکرمہ اور منی میں مختلف مقامات پرنصب ڈیجیٹل اسکرینز پرمتعدد زبانوں میں آگاہی پیغامات نشر کیے جارہے ہیں۔
سن اسٹروک سے بچنے کے لیے وزارت صحت کی جانب سے حجاج کو ہدایت کی جارہی ہے کہ اپنے ہمراہ چھتری اور پینے کے پانی کی بوتلیں ضرور رکھیں اورغیرضروری طورپر دھوپ میں باہر نکلنے سے گریز کریں۔
 وزارت صحت کا کہنا ہے کہ یومیہ کم از کم دو لیٹر پانی یا مشروبات کا استعمال کریں تاکہ جسم میں پانی کی کمی نہ ہو۔
خیال رہے گرمی کی شدت کو کم کرنے کےلیے انتظامیہ کی جانب سے منی جانے والی شاہراہوں پر جگہ جگہ پانی کی پھوار کا خصوصی اہتمام کیا ہے جس کی وجہ سے وہ مقامات جہاں ہوا کو ٹھنڈا رکھنے کا سسٹم ہے وہاں گرمی کی تپش زیادہ محسوس نہیں ہوتی۔

شیئر: