Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سوڈانی عازم حج کا مدینہ کی فضاوں میں پہنچتے ہی انتقال

سفر حج پر گئے مگر وہاں سے ہی سفر آخرت پرروانہ ہوگئے (فائل فوٹو: عاجل)
سوڈانی عازم حج مدینہ منورہ کی فضاوں میں خالق حقیقی سے جاملا۔ مسجد نبوی میں نماز جنازہ ادا کی گئی۔
سبق نیوز کے مطابق 67 سالہ عادل عثمان شکاک سوڈان کے علاقے نہر النیل کے رہائشی تھے۔ برسوں سے وسیع افطار دسترخوان کا اہتمام کرنا علاقے میں ان کی شناخت بن چکا تھا۔
 اہل علاقہ انہیں ایک نیک ، خدا ترس اور رحمدل انسان کے طورپر جانتے تھے۔ ہرایک سے خندہ پیشانی سے ملنا انکا طرہ امتیاز تھا۔ کبھی کسی سوالی کو انہوں نے رد نہ کیا۔
 عادل عثمان کے بھائی احمد شکاک نے بتایا ’اس بات کا یقین نہیں آرہا کہ ہمارا بھائی ہمیشہ کے لیے ہم سے دور چلا گیا ہے، وہ تو سفر حج پر گئے تھے مگر وہاں سے ہی سفر آخرت پرروانہ ہوگئے‘۔
’کل ہم سے الوداع ہوتے وقت ان کی آنکھوں میں خانہ کعبہ کے دیدار کی خوشی دیکھی تھی مگر اب وہ ہمیشہ کے لیے اہل مدینہ بن گئے ہیں‘۔
احمد شکاک نے مزید بتایا ’ سعودی ایئر لائن کی پرواز ایس وی 6102 جو مصر سے مدینہ منورہ کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ جب جہاز مدینہ کی فضاوں میں داخل ہوا تو ساتھ بیٹھے مسافروں نے محسوس کیا کہ بھائی کے ساتھ کچھ مسئلہ ہے جس پر جہاز کے عملے کو مطلع کیا گیا جنہوں نے فوری طبی امداد فراہم کی اسی دوران جہاز مدینہ منورہ ایئرپورٹ پر لینڈ کرگیا‘۔
جہاز کے لینڈ کرتے ہی طبی عملہ پہنچ گیا اور بھائی کو ہسپتال منتقل مگر اطلاع ملی کہ وہ خالق حقیقی سے جا ملے ہیں۔
سوڈانی حج مشن اور مدینہ حج انتظامیہ کےمطابق نماز جنازہ مسجد نبوی میں ادا کی گئی اور انہیں مسجد نبوی سے متصل بقیع الغرقد قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

شیئر: