حج کا رکن اعظم ’وقوف عرفہ ‘ ادا کرنے کے بعد حجاج مزدلفہ پہنچنے لگے
حج کا رکن اعظم ’وقوف عرفہ ‘ ادا کرنے کے بعد حجاج مزدلفہ پہنچنے لگے
ہفتہ 15 جون 2024 19:53
حجاج کرام رات مزدلفہ کے میدان میں گزاریں گے(فوٹو، ایکس )
دنیا بھر سے آئے ہوئے لاکھوں حجاج کرام نے بخیر وخوبی وقوف عرفہ ادا کیا ۔ رات کو مزدلفہ میں قیام کریں گے جہاں وہ مغرب اورعشا کی نمازیں ادا کرنے کے بعد صبح کے وقت منی کے لیے روانہ ہوجائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق حج 2024 کا رکن اعظم بخیر و خوبی ادا کردیا گیا۔ وقوف عرفہ کے دوران کسی قسم کی مشکل صورتحال کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ انتظامیہ کی جانب سے حجاج کی مزدلفہ روانگی کے عمل کو منظم بنانے کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کی گئی ہے جس پربخوبی عمل درآمد کیا جارہا ہے۔
نو ذوالحجہ کا سورج غروب ہوتے ہی حجاج کے قافلے میدان عرفات سے مزدلفہ کی جانب روانہ ہوگئے۔ حج خدمات فراہم کرنے والے اداروں کی جانب سے حجاج کو شیڈول جاری کردیا گیا تھا جس کے مطابق بسیں روانگی کے وقت سے کچھ دیر قبل ہی خیموں کے باہر پہنچا دی گئیں۔
مشاعر مقدسہ ٹرین سروس کے ذریعے بھی حجاج کو مزدلفہ منتقل کرنے کا عمل شروع کردیا گیا۔ ٹرین سروس کے ذریعے ہزاروں حجاج کو مزدلفہ منتقل کیا گیا۔
مزدلفہ کے میدان میں حج سروس فراہم کرنے والے گروپس کی جانب سے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ مزدلفہ میں رات گزرانے کے لیے مخصوص مقامات پر قالین اور گدے ڈالے گئے ہیں جبکہ واٹر کولرز بھی نصب کیے گئے ہیں۔
بعض کمپنیوں کی جانب سے رمی کے لیے حجاج کو پیکٹس میں کنکریاں بھی فراہم کی جارہی ہیں جبکہ بیشتر حجاج کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ خود ہی میدان مزدلفہ سے کنکریاں جمع کریں۔
حج انتظامیہ کی جانب سے میدان عرفات سے مزدلفہ جانے کے لیے امسال خصوصی ٹریکس بنائے گئے ہیں جو گرمی کو کم کرتے ہیں جبکہ دوسرے ٹریک پرمخصوص مواد کی کوڈنگ کی گئی ہے جس سے سڑک نرم محسوس ہوتی ہے جو تھکان کے احساس میں کمی ہوجاتی ہے۔