حج 2024 : پہلے دن کی رمی مکمل ، صورتحال معمول کے مطابق رہی
حج 2024 : پہلے دن کی رمی مکمل ، صورتحال معمول کے مطابق رہی
اتوار 16 جون 2024 22:16
ارسلان ہاشمی ۔ اردو نیوز، منیٰ
جمرہ کی زیریں منزل پر حجاج کا ازدحام رہا (فوٹو، اردونیوز)
حج 2024 کے اختتامی مرحلے میں حجاج نے پہلے دن کی رمی مکمل اطمینان سے کی ۔ جمرہ عقبہ پر پہنچنے کے لیے انتظامیہ نے جامع حکمت عملی مرتب کی تھی جس کا مقصد جمرہ پر ازدحام کو کنٹرول کرنا تھا۔
تفصیلات کے مطابق یوم النحر 10 ذوالحجہ کو جمرہ عقبہ پررمی کا سلسلہ سارا دن جاری رہا۔ حجاج کے قافلے وقفے وقفے جمرہ جاتے رہے جہاں رمی کرنے کے بعد پل کی دوسری جانب سے مکہ مکرمہ کی طرف روانہ ہوگئے۔
وہ حجاج جو منی میں ہی مقیم تھے انہوں نے اپنے گروپ کے مطابق رمی کی جس کا سلسلہ رات تک جاری رہا۔ جمرہ پل پر جگہ جگہ سیکیورٹی اہلکارموجود تھے جو حجاج کی مدد اور رہنمائی کررہے تھے۔
راستہ گم کرنے والے حجاج کی رہنمائی کے لیے سیکیورٹی اہلکار اور رضا کار اپنے موبائل فون سے انکی رہائش کی لوکیشن دیکھ کررہنمائی کرتے رہے۔
رمی کے پہلے روز جمرہ کی زیریں منزل پرکافی ازدحام رہا جبکہ بالائی منزلوں پر ازدحام نہ ہونے کے برابر تھا۔ وہ حجاج جنہوں نے بالائی منزل سے رمی کی تھی ان کا کہنا تھا کہ کسی قسم کا ازدحام نہیں تھا جس کی وجہ سے انہوں نے مکمل آرام و سکون سے رمی کی اور طواف افاضہ کے لیے مکہ مکرمہ روانہ ہوگئے جبکہ بیشترحجاج کا کہنا تھا کہ وہ طواف افاضہ بعد میں کریں گے۔
یوم النحر کو منی کی عارضی خیمہ بستی کی رونقیں عروج پرپہنچ گئیں۔ ’سوق العرب ‘ اور’الجوھرہ‘ روڈ پرموجود دکانوں پربھی حجاج مختلف اشیائے ضروریہ کی خریداری کرتے دکھائی دیئے۔