منی میں شدید گرمی ، موسمیات کا ’یلوالرٹ‘ جاری
پیر 17 جون 2024 12:13
ارسلان ہاشمی ۔ اردو نیوز، منیٰ
موسمیات کا کہنا ہے کہ سہہ پہر تک درجہ حرارت 49 ڈگری رہے گا(فوٹو، اردونیوز)
محکمہ موسمیات کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مکہ مکرمہ اور منی میں گرمی کی شدت قدرے کم ہوئی ہے تاہم حجاج کرام ’رمی‘ کے لیے جاتے وقت چھتری کا لازمی استعمال کریں تاکہ دھوپ کی تپش سے محفوظ رہا جاسکے۔
منی میں موجود موسمیات کے قومی مرکزکے ماہرموسمیات عقیل العقیل کا کہنا ہے کہ ایام تشریق کے پہلے روز 11 ذوالحجہ کو منی اور مکہ مکرمہ میں دوپہر کے وقت درجہ حرارت 49 ڈگری تک پہنچے گا۔
موسمیات کی جانب سے مشاعر مقدسہ میں ’یلو الرٹ‘ جاری کیا گیا ہے جو اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ گرمی کافی زیادہ ہوگی۔
حجاج کو گرمی سے محفوظ رکھنے کے لیے شاہراہوں اور اہم مقامات پر نصب واٹرشاورز بھی صبح سے کھول دیئے گئے ہیں تاکہ ہوا کو قدرے بہتر کیا جاسکے۔
راستوں میں ڈیوٹی پرمامور سیکیورٹی اہلکار بھی حجاج کو گرمی سے محفوظ رکھنے کے لیے ان پرپانی کا اسپرے کررہے ہیں۔
وزارت صحت اور گورنریٹ کی جانب سے بھی موبائل پرانتباہی نوٹسز ارسال کیے جارہے ہیں جن میں ہدایت کی گئی ہے کہ بلا ضرورت باہر نہ نکلیں اور پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔