Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

  وادی منی میں 11 نئی عمارتوں کا اضافہ کیا گیا ہے، سعودی وزیر حج

مختلف ممالک سے 12 لاکھ سے زائد عازمین مملکت پہنچ چکے ہیں (فوٹو، ایس پی اے)
وزیر حج وعمرہ توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ ماہ رمضان المبارک سے ذی القعدہ کی یکم تاریخ تک 10 لاکھ سے زائد حج ویزے جاری کیے گئے ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق وزیر حج نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان مستقل بنیاد ہر حج کے حوالے سے امور کی براہ راست نگرانی کرتے ہیں۔
 رواں سال حج کےلیے تیاریوں کا آغاز گزشتہ برس 12 ذوالحجہ سے کردیا گیا تھا جس کا مقصد عازمین حج کو بہتر سے بہتر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
وزیر حج توفیق الربیعہ نے مزید کہا کہ اب تک مختلف ممالک سے 12 لاکھ عازمین حج مملکت پہنچ چکے ہیں جبکہ آمد کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔
عازمین حج کی مجموعی صحت کے حوالے سے الربیعہ کا کہنا تھا کہ امور صحت کے ادارے بہترین طریقے سے خدمات انجام دے رہے ہیں مجموعی طورپر عازمین کی صحت بہتر ہے تمام معاملات بہتر طورپر انجام پارہے ہیں۔
وزیر حج کا مزید کہنا تھا کہ رواں برس حج امور کو بہتر انداز میں مکمل کرنے کےلیے 50 سے زائد سرکاری اداروں کے ساتھ اشتراک عمل کیا گیا جبکہ 11 ممالک کا دورہ کرکے وہاں حج امور کے حوالے سے معاملات طے کیے گئے تھے۔
انکا کہنا تھا کہ 126 ممالک کے شہریوں کو یہ سہولت فراہم کی گئی ہے کہ وہ  بغیرکسی ایجنٹ یا سیاحتی ادارے کے ڈیجیٹل پورٹل اور پلیٹ فارم پرحج کے لیے درخواست جمع کراسکتے ہیں۔

درجہ حرارت کو کم کرنے کے لیے ’منی‘ میں دنیا کا سب سے بڑا کولنگ سسٹم نصب کیا گیا ہے(فوٹو، اردونیوز)

امسال وادی منی میں 11 نئی عمارتوں کا اضافہ کیا گیا ہے جہاں 37 ہزار حجاج کو قیام کی سہولت فراہم کی جائے گی علاوہ ازیں دنیا کا سب سے بڑا کولنگ اسٹیشن بھی نصب کیا گیا ہے جس سے مشاعر مقدسہ میں ہوا کو قدرے ٹھنڈا کرنا ممکن ہوگا۔ کولنگ اسٹیشن کے ذریعے پانی کی پھوار ہوا میں پھیلے گی جس سے گرمی کی شدت میں کمی ہوگی۔
وزیر حج نے توقع ظاہر کی کہ امسال 2 لاکھ 50 ہزارسے زائد عازمین ’مکہ روٹ ‘ منصوبے سے مستفیض ہوں گے۔ منصوبے کا مقصد عازمین کو بہتر سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔
امسال ایام حج کے لیے 10 ہزار سے زائد مرد و خواتین رضا کاروں کی خدمات حاصل کی گئی ہے جبکہ ایک لاکھ 20 ہزار سے زائد کارکنوں حجاج کی خدمت کے لیے عملی تربیت فراہم کی گئی ہے جس کے تحت انہیں مختلف زبانوں کے روز مرہ میں استعمال ہونے والی الفاظ بھی سیکھائے گئے ہیں۔

شیئر: