حج 2024: ایام تشریق کے پہلے دن ’رمی‘ کا سلسلہ جاری
پیر 17 جون 2024 12:50
ارسلان ہاشمی ۔ اردو نیوز، منیٰ
ایام تشریق کے پہلے روز حجاج کی جانب سے تینوں شیطانوں کو کنکریاں مارنے کا سلسلہ جاری ہے۔ جمرات پر حجاج کی آمد ورفت کے لیے راستے جدا ہیں جس کا بنیادی مقصد کراؤڈ کنٹرولنگ ہے۔
تفصیلات کے مطابق عید الاضحی کے دن حجاج نے بڑے شیطان ’جمرہ عقبہ‘ کو کنکریاں ماریں اور بال کٹوا کر احرام کی پابندیوں سے آزاد ہو گئے۔
عیدالضحیٰ کے دوسرے روز اور ایام تشریق کے پہلے دن حجاج گروپس کی صورت میں وقفے وقفے سے رمی کے لیے آتے رہے اور مکمل اطمینان سے تینوں شیطانوں کو کنکریاں مارنے کے بعد اپنے خیموں میں واپس چلے جاتے ہیں۔
جمرات پل کے راستے میں سکیورٹی اہلکاروں کی بڑی تعداد موجود ہے جو حجاج کی رہنمائی اور مدد ک ررہے۔
رضاکاروں کی جانب سے بھی راستہ گم کرنے والے حجاج کی رہنمائی کی جا رہی ہے۔