مسجد نبوی میں حجاج کو گرمی سے بچانے کے لیے کیا اقدامات کیے جارہے ہیں؟
مسجد نبوی میں حجاج کو گرمی سے بچانے کے لیے کیا اقدامات کیے جارہے ہیں؟
جمعہ 21 جون 2024 23:56
مسجد نبوی کے صحن میں خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔ (فوٹو سبق)
مدینہ ہیلتھ سینٹر نے مسجد نبوی کے صحنوں میں حجاج کو گرمی سے بچانے کے لیے مختلف اقدامات کا آغاز کردیا ہے۔
سبق ویب کے مطابق مدینہ ہیلتھ سینٹر نے روزانہ صبح دس بجے سے شام چار بجے تک شدید گرمی میں بچاؤ کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کے لیے ایک فیلڈ پروگرام کا آغاز کیا ہے جس کا مقصد یہ بتانا ہے کہ حجاج اور مسجد نبوی آنے والے زائرین گرمی سے کس طرح اپنا بچاؤ کریں۔
جمعے کی نماز سے قبل اور اس کے بعد حجاج اور مسجد نبوی آنے والے نمازیوں کو مسجد نبوی کے صحنوں میں چھتریاں، ہیلتھ بیگز، ٹھنڈے پانی کی بوتلیں برف کی تھیلیاں تقسیم کی گئیں جبکہ صحت کارکنان زائرین پر ٹھنڈے پانی کا سپرے بھی کرتے رہے تاکہ دھوپ کی تمازت اور اس کے مابعد اثرات سے بچا جاسکے۔
مدینہ ہیلتھ سینٹر نے وضاحت کی کہ اس اقدام کا مقصد مسجد نبوی آمد ورفت کے وقت حجاج کو گرمی کی شدت سے بچانا اور اس حوالے سے آگاہی بھی پیدا کرنا ہے۔
ہیلتھ گروپ کا کہنا ہے پہلے دن برف کے 3500 بیگ، 10300 پانی کی بوتلیں، 4850 چھتریاں اور 3297 سے زائد ہیلتھ بیگ تقسیم کیے گئے جس سے مسجد نبوی آنے والے 12 ہزار سے زائد زائرین نے فائدہ اٹھایا۔
مدینہ ہیلتھ سینٹر نے گرمی سے بچاؤ اور سن سٹروک کے علاج کے لیے 32 بیڈ تیار کیے ہیں تاکہ متاثرہ افراد کا علاج بروقت کیا جاسکے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں