حج سیزن 2024 کی کامیابی، سعودی قیادت کی جانب سے وزیر داخلہ کی خدمات کی ستائش
شاہ سلمان اور ولی عہد نے وزیر داخلہ کو جوابی پیغام روانہ کیے ہیں ( فائل فوٹو: ایس پی اے)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے وزیرداخلہ و حج کمیٹی کے نگران اعلی شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف کی جانب سے عیدالاضحی اور حج سیزن کی کامیابی پر جوابی ٹیلی گرام ارسال کیا ہے جس میں ان کی خدمات کو سراہا گیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق شاہ سلمان کی جانب سے جوابی ٹیلی گرام میں کہا گیا کہ ’ آپ کی جانب سے عیدالاضحی کی مبارک باد اور حج سیزن کی کامیابی کے حوالے سے ٹیلی گرام موصول ہوا جس میں ضیوف الرحمان کی خدمت اور حج سیزن کی کامیابی کے حوالے سے ذکرکیا گیا‘۔
’رب کریم کے فضل وکرم اور آپ تمام افراد کی محنت سے و جامع منصوبہ بندی سے تمام امور بخیر و خوبی مکمل ہوئے۔ حجاج کے مملکت آمد سے مناسک حج کی ادائیگی تک تمام مراحل احسن طریقے سے انجام پائے جس میں ’مکہ روٹ‘ اقدام شامل ہے‘۔
حجاج کی مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ وہاں سے مشاعر مقدسہ منتقلی کے جملہ مراحل احسن طریقے سے کیے گئے جس میں حجاج کو مکمل روحانی ماحول میں جملہ سہولتیں فراہم کی گئی۔
ٹیلی گرام میں مزید کہا گیا ’ضیوف الرحمان کی خدمت کےلیے سرکاری و نجی شعبے کی کارکردگی کا مشاہدہ کیا۔ حجاج کی خدمت کے جذبے کے تحت اور لگن سے جو امور انجام دیئے گئے وہ باعث مسرت ہیں‘۔
ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی وزیر داخلہ کو جوابی ٹیلی گرام میں ان کی خدمات کو سراہا جو انہوں نے حج سیزن کی کامیابی کے لیے انجام دیں۔
ولی عہد کی جانب سے جوابی ٹیلی گرام میں حج سیزن کی کامیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارک باد دی گئی۔