Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عرب رہنماؤں کی حج سیزن میں کامیابی پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو مبارکباد

یہ سب عازمین کی دیکھ بھال اور خدمت کی وجہ سے ہے۔(فوٹو ایس پی اے)
عرب دنیا کے رہنماوں نے رواں سال حج سیزن 2024 کی کامیابی پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو مبارکباد دی ہے۔
 متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید، بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ، امیر کویت شیخ مشعل الاحمد الجابر،امیر قطرشیخ تمیم بن حمد آل ثانی اور عمان کے سلطان ہیثم بن طارق نے مبارکباد کے پیغامات بھیجے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید نے شاہ سلمان کو حج سیزن کی کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا کہ ’یہ اللہ کے فضل اور پھر سعودی قیادت کی جانب سے عازمین حج کی دیکھ بھال اور خدمت کی وجہ سے ہے‘۔
امارات کے نائب صدر اور وزیراعظم ، دبئی کے حکمراں شیخ محمد بن راشد، امارات کے نائب صدر اور نائب وزیر اعظم شیخ منصور بن زاید آل نہیان اور امارات کی دیگر ریاستوں کے حکمرانوں نے بھی مبارکباد کے پیغام بھیجے ہیں۔
امیر کویت شیخ مشعل الاحمد الصباح نے مسجد الحرام کی توسیع اور ترقی کی تعریف کرتے ہوئے مبارکباد کا پیغام بھیجا۔
انہوں نے سمارٹ سروسز اور ٹیکنالوجیز کی ترقی کی بھی تعریف کی جو حجاج کی ضروریات کو پورا، انہیں فائدہ پہنچاتی اور مناسک کی ادائیگی میں سہولت فراہم کرتی ہیں۔
بحرین کے فرمانروا  شاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ نے سعودی قیادت کی جانب سے مناسک حج کے کامیاب انعقاد اورعازمین کی خدمت کے لیے دن رات کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے مبارکباد کا پیغام بھیجا۔
امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے حج سیزن کی کامیابی پر مبارکباد کے پیغام میں سعودی عرب کی مزید ترقی اور خوشحالی کےلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
عمان کے سلطان ہیثم بن طارق نے اپنے پیغام میں حج سیزن کی کامیابی کی مبارکباد دیتے ہوئے سعودی حکومت اور عوام کی طرف سے حجاج کی خدمات کے لیے کی جانے والی عظیم کوششوں کو سراہا۔

شیئر: