تبوک ریجن میں پانچویں صدی عیسوی کے نقوش دریافت
نقوش عربی خطاطی کی طرز پر ہیں جو ’ثمودی قلم‘ سے بنائے گئے ہیں۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں تبوک ریجن کے قریہ علقان میں پانچویں صدی عیسوی کے نقوش دریافت ہوئے ہیں جو مختلف شکلوں سے عبارت ہیں۔
قومی ورثہ اتھارٹی کا کہنا ہے مملکت کے مختلف علاقوں میں کیے جانے والے سروے کے دوران یہ نقوش دریافت کیے گئے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق دریافت ہونے والے نقوش عربی خطاطی کی طرز پر ہیں جو ’ثمودی قلم‘ سے بنائے گئے ہیں۔ یہ طرز پانچویں صدی میں مروج تھے۔
اتھارٹی کا کہنا تھا نقوش تین سطروں سے عبارت ہیں جن میں پہلی دولائن ثمودی قلم جبکہ تیسری لائن عربی خط کے ہیں۔ یہ اس دور کے ہیں جب عربی رسم الخط کی ابتدا تھی۔
واضح رہے قومی ورثہ اتھارٹی کی جانب سے مملکت کے طول و عرض میں قدیم تاریخی آثار کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر سروے کا اہتمام کیا جاتا ہے تاکہ عہد رفتہ سے منسلک اشیا کو دریافت کرکے دور حاضر میں انہیں نمایاں کیا جاسکے۔