Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد نبوی میں زائرین کی سہولت کےلیے70 مترجمین

مترجمین کی خدمات 24 گھنٹے کی بنیاد پرفراہم کی گئی ہے(فوٹو، ایس پی اے)
مسجد نبوی کے امور کی جنرل اتھارٹی نے زائرین کی آسانی کے لیے 70  مرد وخواتین مترجمین اور 15 زبانوں میں ڈیجٹل رہنما اسکرینز کی سہولت مہیا کی ہے۔
سبق نیوز کے مطابق مسجد نبوی الشریف کی انتظامیہ نے 24 گھنٹے کی بنیاد پر ترجمہ کرنے والوں کی ذمہ داریاں لگائی ہیں تاکہ زائرین کو اہم معلومات حاصل کرنے میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
مسجد نبوی الشریف کے باب السلام گیٹ نمبر 1 ، شاہ فہد گیٹ نمبر21 ، باب المجیدی کے علاوہ بیرونی صحن کے دروازے نمبر 316 ، 320 ، 328 ، 338 ، 360 اور 364 پرمختلف زبانوں کے ماہرین کو متعین کیا گیا ہے۔
ڈجیٹل آگاہی خدمات کے ذریعے زائرین کو مختلف زبانوں میں نماز باجماعت کے اوقات ، دروس ، و دیگر اہم معلومات کے علاوہ مسجد نبوی الشریف میں فراہم کی جانے والی مختلف خدمات کے بارے میں آگاہی فراہم کی جاتی ہے۔
زائرین کی سہولت و رہنمائی کےلیے مدینہ منورہ میں موجود تاریخی مقامات و میوزیم کے اوقات کارکے بارے میں تفصیلی آگاہی دی جاتی ہے۔

حجاج کی سہولت کے لیے مختلف زبانوں میں رہنما اسکرینز بھی موجود ہیں(فوٹو، ایس پی اے)

واضح رہے فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد دنیا بھر سے آنے والے لاکھوں زائرین مدینہ منورہ جاتے ہیں جہاں مسجد نبوی الشریف میں روضہ رسول اکرم ﷺ کی زیارت کے علاوہ دیگر اسلامی تاریخی مقامات کی زیارت کو بھی جاتے ہیں۔
مدینہ منورہ شہر کی انتظامیہ کی جانب سے زائرین کے لیے شہر کے مختلف مقامات پرجانے کےلیے خصوصی سیاحتی بسوں کا بھی انتظام کیا ہے۔

شیئر: