اسمارٹ بورڈمیں اردو سمیت 45 زبانوں میں معروف اسلامی کتب کے ترجمے دئیے گئے ہیں جنہیں موبائل پر آسانی سے اپ لوڈ کیاجاسکتا ہے
مدینہ منورہ ( ارسلان ہاشمی ) مختلف ممالک سے آنے والے عازمین حج و زائرین کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے مسجد نبوی الشریف میں نصب کی جانے والی ڈیجیٹل اسکرینز کافی مفید ہیں ۔ اسکرینزکے ذریعے معلوماتی کتب اپنے موبائل پر اپ لوڈ کی جاسکتی ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سے آنے والے عازم حج طارق انجم کا کہنا تھا کہ مسجد نبوی الشریف میں عازمین کی رہنمائی کے لئے مثالی اقدامات کئے ہیں جن میں اسمارٹ اسکرینز بہترین ہیں جس کے ذریعے حج و عمرہ کے علاوہ اہم دینی موضوعات پر کتب اپنے موبائل پر اپ لوڈ کی جاسکتی ہیں ۔ اسمارٹ اسکرین کے ذریعے میں نے معروف کتاب " زاد المعاد " کا اردوترجمہ اپنے موبائل پر اپ لوڈ کیا ۔ اس کتاب کا اردو ترجمہ میں کافی عرصے سے تلاش کررہا تھا جو مجھے اب یہاں مفت میں مل گیا ۔ اس کے علاوہ حج و عمرہ سے متعلق اہم کتب بھی اس اسکرین سے مفت اپنے موبائل فون پر اپ لوڈ کی جاسکتی ہیں ۔ علاوہ ازیں مسجد نبوی الشریف کی انتظامیہ کی جانب سے زائرین کی سہولت کے لئے موبائل فون چارج کرنے کےلئے نصب کئے گئے بورڈز سے کافی آسانی ہوئی ہے ۔ اس حوالے سے ایک زائر کا کہنا تھا کہ موبائل اب ایک ایسی ضرورت بن چکا ہے کہ اس کے بغیر بے حد مشکل ہو جاتی ہے ۔ موبائل کا چارج ختم ہونے سے کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ پاور بینک سے چارجنگ کافی دقت طلب امر ہوتا ہے جس سے موبائل بھی گرم ہو جاتا ہے ۔ مسجد نبوی میں موبائل چارج کرنے کی سہولت فراہم کرنا بہت مناسب اقدام ہے جس سے کافی سہولت ہوئی ۔ واضح رہے وزارت اسلامی امور اور حرمین شریفین کے ادارے کے تعاون و اشتراک سے مسجد نبوی الشریف میں اسمارٹ اسکرینز نصب کی گئی ہیں جن پردرج آگاہی تحریر ہر ایک کو اپنی جانب متوجہ کر لیتی ہے جس پر عربی اور انگلش میں 2جملے درج ہیں " اپنا تحفہ لیتے جائیں " ۔ اسمارٹ اسکرین کے ذریعے اپنے موبائل پر کتب اپ لوڈ کی جاسکتی ہیں جس کےلئے پلے اسٹور سے qrcode ڈاﺅن لوڈ کرنے کے بعد اسمارٹ اسکرین پر موجود لائبریری سے مستفیض ہو ا جاسکتا ہے ۔ اسلامک کتب خانے میں 45 زبانوں میں مختلف معروف کتابوں کے ترجمے پی ڈی ایف فارمیٹ میں مہیا کئے گئے ہیں جسے موبائل پر اپ لوڈ کرنا بھی انتہائی آسان ہوتا ہے ۔ اس وقت اسمارٹ کتب خانے میں اردو کی 13 کتب اپ لوڈ کی گئی ہیں جن میں حصن المسلم ، اعمال الحج ، رہنمائے حج و عمرہ و زیارت مسجد نبوی ،عقیدہ اہل السنہ و الجماعہ کے دیگر کتب موجود ہیں جنہیں مفت میں اپنے موبائل پر اپ لوڈ کیاجاسکتا ہے۔ اسمارٹ اسکرین سے استفادہ کےلئے ادارے کی جانب سے وہاں ایک اہلکار کو متعین کیا گیا ہے جو اس بورڈ سے کتب اپ لوڈ کرنے کے بارے میں ہر ایک کی رہنمائی کرتا ہے ۔ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر مسجد نبوی الشریف میں اس وقت 5 اسمارٹ بورڈ نصب کئے گئے ہیں ۔