اعتدال اور ٹیلیگرام نے تین ماہ میں 18.6 ملین انتہا پسندانہ مواد ہٹا دیا
حج سیزن کے آغاز پر انتہا پسندانہ پروپیگنڈے میں اضافہ دیکھا گیا (فائل فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں انتہا پسندانہ افکار کے انسداد کے عالمی مرکز اعتدال اور ’ٹیلیگرام‘ پورٹل دہشت گردانہ تنظیموں کے انتہا پسندانہ پروپیگنڈے کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
اس عالمی مرکز کا مقصد جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے انتہا پسند گروہوں کی ڈیجیٹل سرگرمیوں کو کمزور کرنا ہے۔
2024 کی دوسری سہ ماہی کے دوران 18.6 ملین انتہا پسندانہ مواد کو ہٹایا گیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق اعتدال اور ٹیلیگرام نے اسی مدت کے دوران دہشت گرد تنظیموں سے وابستہ 660 چینلز بند کردیے۔
بیان کے مطابق حج سیزن کے آغاز پر انتہا پسندانہ پروپیگنڈے کی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھا گیا۔ اس دوران 20 لاکھ سے زیادہ انتہا پسندانہ مواد کو ہٹایا گیا۔
2024 کی دوسری سہ ماہی میں دہشت گرد تنظیموں کی پروپیگنڈا سرگرمیاں بڑھ گئیں جس کی شرح پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں 12.82 فیصد تھی۔
یہ دہشت گرد تنظیموں کی ایک روایتی سرگرمی ہے جو ہر سال حج کے دوران دہرائی جاتی ہے۔
یاد رہے اعتدال اور ٹیلیگرام کے درمیان تعاون سے فروری 2022 سے جون 2024 تک 93 ملین انتہا پسندانہ مواد کو ہٹایا گیا جبکہ 14 ہزار 193 چینلز بند کرنے میں کامیابی حاصل کی گئی۔