Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی مرکز نے دو ماہ میں 50 لاکھ انتہا پسندانہ پوسٹیں ہٹا دیں

سعودی مرکز اعتدال اور ٹیلیگرام کی ورکنگ ٹیمیں مہم چلائے ہوئے ہیں( فائل فوٹو اے ایف پی)
سعودی عرب میں انسداد انتہا پسندانہ افکار کےعالمی مرکز (اعتدال) نے  ٹیلیگرام ٹاسک فورس کے تعاون سے انتہا پسندانہ افکار کو فروغ دینے والے دو ہزار 450 چینل بند کرادیے جبکہ 50 لاکھ انتہاپسندانہ پوسٹیں نیٹ ورک سے ہٹائی ہیں۔
العربیہ نیٹ کے مطابق اعتدال اور ٹیلیگرام نے 17 جولائی سے 13 ستمبر 2022 تک 59 دن کے دوران القاعدہ، داعش اور تحریر الشام دہشت گرد تنظیموں کے خلاف بھرپورمہم میں یہ کامیابی حاصل کی ہے۔
گزشتہ 8 ماہ کے دوران اعتدال اور ٹیلیگرام نے 71 لاکھ 46 ہزار 16 انتہا پسندانہ پوسٹیں نیٹ ورک سے ہٹائی ہیں۔ فروری 2022 سے اس سلسلے میں تعاون کیا جارہا ہے۔
اعتدال اور ٹیلیگرام کی مشترکہ ورکنگ ٹیموں نے تینوں تنظیموں سے تعلق رکھنے والے دوہزار 450 چینلز بند کرائے جن پر 52 لاکھ 69 ہزار 78 انتہا پسندانہ پوسٹیں موجود تھیں۔ سب سے زیادہ پوسٹوں 30 لاکھ 12 ہزار 489 کا تعلق تحریر الشام، 11 لاکھ 68 ہزار 447 کا القاعدہ اور 10 لاکھ 88 ہزار 142 کا تعلق داعش سے تھا۔
اعتدال اور ٹیلیگرام  ٹاسک فورس مل کرعربی زبان میں انتہا پسندانہ تخلیقات ختم کرانے کا مشن جاری رکھے ہوئے ہیں جو پوسٹیں ختم کرائی گئی ہیں وہ پی ڈی ایف، وڈیو کلپ اور آڈیو ریکارڈنگز کی شکل میں تھیں۔ 

شیئر: