Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت کے مختلف شہروں میں موسم گرم اورغبار آلود رہے گا

بیشتر علاقوں میں گرد وغبار کی وجہ سے حد نگاہ متاثر ہونے کا امکان ہے(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
موسمیات کے قومی مرکز کا کہنا ہے کہ مملکت کے مختلف شہروں میں موسم گرم اورغبار آلود رہنے کی توقع ہے۔ بعض مقامات پر گرد و غبار کی وجہ سے حد نگاہ بھی متاثر ہوسکتی ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ نے موسمیات کے قومی مرکز کی جانب سے جاری رپورٹ کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ جازان ، عسیر اور مشرقی ریجن میں موسم گرم  جبکہ بعض مقامات پرگرد وغبار بھی چھایا رہے گا۔
گرد وغبار کا سلسلہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ ریجن کے علاوہ نجران اور ریاض ریجن کے جنوبی علاقوں کے ساتھ مشرقی ریجن تک پھیلنے کا امکان ہے۔
درجہ حرارت میں بھی کمی کی توقع نہیں مشرقی ریجن کے بعض علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے جبکہ کھلے مقامات پرہوا کا دباو بھی زیادہ رہے گا۔
موسمیاتی ریڈار سے موصولہ رپورٹ کے مطابق الاحساء ، العدید اور بقیق کے علاقوں میں گرمی کی لہر شام 5 بجے تک جاری رہے گی جس میں بعدازاں معمولی کمی واقع ہوگی۔

نجران ریجن میں بوندا باندی کا امکان ہے(فوٹو، ایس پی اے)

نجران ریجن میں معمولی بوندا باندی اورتیز ہوائیں چلن کا امکان ہے جبکہ الافلاج ، وادی الدواسر اور عفیف میں گرد وغبار کا سلسلہ رات 9 بجے تک رہے گا۔
مدینہ منورہ ریجن کے مختلف علاقے جن میں الحناکیہ ، ینبع النخل ، بدر اور وادی الفرع شامل ہیں بھی گرد وغبار کی لپیٹ میں رہیں گے جس کا سلسلہ رات 10 بجے تک رہنے کا امکان ہے۔

شیئر: