مکہ ریجن میں گرد و غبارجبکہ ریاض میں پارہ 48 ڈگری رہے گا
مکہ ریجن میں گرد و غبارجبکہ ریاض میں پارہ 48 ڈگری رہے گا
پیر 1 جولائی 2024 10:14
گردوغبار سے شاہراہوں پر حد نگاہ متاثر ہونے کا امکان ہے(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
قومی مرکز برائے موسمیات نے توقع ظاہر کی ہے کہ مکہ مکرمہ سمیت مملکت کے متعدد ریجنز میں گرد وغبار کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ بعض بالائی علاقوں میں بارش کا بھی امکان ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ نے موسمیات کے قومی مرکز کی جانب سے جاری رپورٹ کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ مملکت کے بیشتر شہروں میں گرمی بدستوررہے گی جبکہ مکہ مکرمہ ، عسیر اور جازان کے زیادہ ترعلاقوں میں دن کے اوقات میں گردو غبار چھایا رہے گا۔
گرد وغبار کا سلسلہ بعض مقامات پر زیادہ ہونے کے باعث حد نگاہ بھی متاثر ہوسکتی ہے جس کی وجہ سے شاہراہوں پرسفر کرنے والے خصوصی احتیاطی تدابیر پرسختی سے عمل کریں۔
موسمیاتی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ مملکت کے جنوب ، مغربی بالائی علاقوں کے بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی قوی امکان ہے جبکہ مشرقی ریجن میں درجہ حرارت میں اضافے کی توقع ہے۔
متوقع درجہ حرات کے حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ریاض ریجن میں پارہ 47 سے 48 ڈگری تک رہے گا جبکہ ریجن کے علاقے الافلاج ، الحریق ، الحرج ، الدلم ، السلیل ، حوطہ بنی تمیم اور وادی الدواسر میں بھی موسم گرم تر رہے گا۔
دریں اثنا شہری دفاع کا کہنا ہے کہ ہائی ویزے پرسفر کرنے والے احتیاطی تدابیر پرسختی سے عمل کریں۔
دمے اورسانس کے مراض میں مبتلا افراد ایسے موسم میں بلا اشد ضرورت باہر نہ نکلیں ، باہر جاتے وقت طبی ماسک کا استعمال ضرور کریں۔