Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں آج کا موسم، گرمی، بارش اور گردوغبار کا سلسلہ جاری

مشرقی ریجن میں پارہ 48 ڈگری تک پہنچے گا(فوٹو، ایکس اکاونٹ )
موسمیات کے قومی مرکز کا کہنا ہے کہ مملکت کے مشرقی ریجن کے مختلف علاقوں میں گرمی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ مکہ ، مدینہ منورہ اور عسیر ریجنز میں گرد وغبار چھائے رہنے کا امکان ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق قومی مرکز برائے موسمیات کی جانب سے  منگل کو موسمی حالات کے حوالے سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے جازان ، عسیر، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے بعض علاقے گرد و غبار کی لپیٹ میں رہیں گے جبکہ اللیث اورجازان ہائی وے پربھی شدید گرد وغبار کی وجہ سے حد نگاہ متاثر ہوسکتی ہے۔
گرد وغبار کا سلسلہ نجران اور ریاض ریجن کے جنوبی علاقوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے گا جبکہ جازان اور عسیر ریجن کے بعض مقامات پرگہرے بادل چھائے رہیں گے جن کی وجہ سے کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش بھی ہوگی۔
عیسر ریجن میں ہلکی بارش اور تیز ہوا کے ساتھ مٹی اڑنے کا بھی امکان ہے جس کا سلسلہ ظھران الجنوب ، خیمس مشیط اوراحد رفیدہ تک پھیلے گا۔

عسیر ریجن میں تیز ہوا کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے(فوٹو، ایس پی اے)

مشرقی ریجن میں موسم شدید گرم رہے گا جہاں پارہ 48 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔ گرمی کی لہر سے الخبر ، دمام ، الجبیل ، قطیف ، النعیرہ ، حفرالباطن ، راس تنورہ ، الاحساء اور بقیق بھی متاثر ہوں گے ۔ گرمی کی شدت شام تک جاری رہے گی۔
مدینہ منورہ ریجن کے مختلف علاقے جن میں خیبر، الحناکیہ ، المھد اور وادی الفرع شامل ہیں میں گردو غبار چھایا رہے گا جس کی وجہ سے بعض مقامات پرحد نگاہ متاثر ہوگی۔

شیئر: