گلگت بلتستان میں جاپانی کوہ پیما پہاڑ سے اترتے ہوئے گر کر ہلاک
دو جاپانی کوہ پیما گذشتہ ماہ ایک الگ مہم کے دوران ہلاک ہو گئے تھے (فوٹو اے پی پی)
گلگت بلتستان میں ایک جاپانی کوہ پیما پہاڑ سے اترتے ہوئے گر کر ہلاک ہو گیا ہے۔ اس سے چند ہفتے قبل ان کے دو ہم وطنوں کو مردہ قرار دیا گیا تھا۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق منگل کو 64 سالہ اونیشی ہیروشی 7,027 میٹر بلند سپانٹک پہاڑ پر ایک مہم سے واپس آ رہے تھے جب یہ واقعہ پیش آیا۔
نگر ضلع کے ڈپٹی کمشنر عطاء الرحمان کاکڑ نے بدھ کو اے ایف پی کو بتایا کہ نیچے اترتے ہوئے وہ کیمپ 2 کے قریب ایک کھائی میں گر گئے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’دوسرے کوہ پیما اور پورٹرز نے لاش نکالی اور انہیں کیمپ 1 تک پہنچایا۔‘
ہیروشی ان چار جاپانی کوہ پیماؤں میں سے ایک تھے جنہوں نے 10 جون کو کوہ پیمائی کا آغاز کیا تھا اور ان کے ساتھ پاکستانی پورٹرز تھے۔
دو جاپانی کوہ پیما گذشتہ ماہ ایک الگ مہم کے دوران ہلاک ہو گئے تھے۔
ان میں سے ایک کی لاش نکال لی گئی، تاہم حکام نے دوسرے کو مردہ قرار دے دیا جب کہ موسم کی خرابی کی وجہ سے تلاش روک دی گئی۔
پاکستان آٹھ ہزار میٹر سے بلند دنیا کے 14 میں سے پانچ پہاڑوں کا گھر ہے جن میں کے ٹو دنیا کا دوسرا بلند ترین پہاڑ ہے۔
گذشتہ سال نو ہزار کے قریب غیر ملکیوں نے گلگت بلتستان کے دور افتادہ علاقے کا دورہ کیا جہاں سپانٹک واقع ہے۔ حکومتی اعداد و شمار کے مطابق موسم گرما میں کوہ پیمائی کا موسم جون کے شروع سے اگست کے آخر تک جاری رہتا ہے۔