ورلڈ کپ کی فاتح انڈین ٹیم نئی دہلی پہنچ گئی، فلائٹ کو ٹریک کرنے کا ریکارڈ
جمعرات 4 جولائی 2024 11:04
خیال رہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ کی ٹرافی 17 سال بعد انڈیا واپس آئی ہے (فوٹو: ایکس)
انڈین کرکٹ ٹیم کپتان روہت شرما کی قیادت میں امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں کھیلا گیا آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ جیتنے کے بعد نئی دہلی واپس پہنچ گئی ہے۔
ٹی20 ورلڈ چیمپیئن انڈین ٹیم جمعرات کی صبح بارباڈوس سے نئی دہلی پہنچی جہاں اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اُس کا بھرپور استقبال کیا گیا۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق ٹیم نے نئی دہلی میں وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔
نریندر مودی سے ملاقات کے بعد ٹیم کے کھلاڑی ممبئی روانہ ہوں گے جہاں انڈین کرکٹ بورڈ ( بی سی سی ) کی جانب سے وانکھیڈے سٹیڈیم میں فنکشن رکھا گیا ہے۔
اس تقریب کے لیے وانکھیڈے سٹیڈیم میں تماشائی مفت آ سکیں گے۔
اس کے بعد انڈین ٹیم ممبئی میں اوپن بس ٹرافی پریڈ کرے گی۔
نئی دہلی ایئرپورٹ پر اترنے کے بعد انڈین کھلاڑی خوشی سے نہال دکھائی دیے۔
کپتان روہت شرما نے استقبال کے لیے موجود پرفارمرز کے ہمراہ ڈھول کی تھاپ پر رقص بھی کیا۔
انڈین ٹیم ورلڈ کپ جیتنے کے بعد 4 دنوں تک بارباڈوس میں طوفان کے باعث پھنسی رہی۔
ٹیم کو بارباڈوس سے لینے کے لیے بی سی سی آئی نے خصوصی چارٹرڈ فلائٹ بھجوائی۔
ایئر انڈیا کی یہ خصوصی چارٹرڈ فلائٹ اے آئی سی 24 ڈبلیو سی کو ہزاروں افراد نے ٹریک کیا۔لائیو منٹ کے مطابق 5 ہزار 252 افراد نے اس فلائٹ کو ٹریک کیا جو ایک ریکارڈ ہے۔
خیال رہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ کی ٹرافی 17 سال بعد انڈیا واپس آئی ہے۔
انڈیا نے 2007 میں کھیلا گیا پہلا ٹی20 ورلڈ کپ اپنے نام کیا تھا۔
سنیچر کو انڈیا نے ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کے فائنل میں جنوبی افریقہ کو 7 رنز سے ہرا کر ورلڈ کپ جیتا۔