دبئی(عمران خان یوسفزئی) آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین اور سابق صدر سید پرویز مشرف نے چیمپیئن ٹرافی جیتنے پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔ سرفراز کی قیادت میں پوری ٹیم نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ سرفراز اور ان کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ قوم کا سر فخر سے بلند کرنے پر ہر پاکستانی اپنی ٹیم کا شکرگزار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی موجودہ صورتحال میں پاکستانی ٹیم کی شاندار جیت تازہ ہوا کا جھونکا ہے۔ ہند کو عبرت ناک شکست سے سبق سیکھتے ہوئے کھوکھلی بڑھکیں مارنے سے گریز کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ہند کو چاہیئے کہ اپنی لیاقت اور اہلیت کے مطابق بات کرے تا کہ شکست کی شرمندگی سے بچ سکے۔ کسی دوسری قوم کو اپنے سے کمتر نہیں سمجھنا چاہیئے۔ہند بڑا ملک ہونے پر تکبر میں مبتلا رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ہند کو کسی بھی میدان میں ناکوں چنے چبوانے کی اہلیت رکھتی ہے۔