Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین کرکٹ ٹیم کے لیے 125 کروڑ روپے کی انعامی رقم، کسے کتنے پیسے ملیں گے؟

بی سی سی آئی کی جانب سے اعلان کردہ انعامی رقم 42 ٹیم کے ممبران میں تقسیم ہوگی (فوٹو: اے ایف پی)
انڈین کرکٹ ٹیم ٹی20 ورلڈ کپ 2024 جیتنے کے بعد وطن واپس پہنچ چکی ہے جہاں انہیں بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ اِن انڈیا (بی سی سی آئی) کی جانب سے 125 کروڑ کی انعامی رقم دی گئی ہے۔ 
بی سی سی آئی کی جانب سے انعامی رقم کے اعلان کے بعد اکثر کرکٹ شائقین سوچ رہے ہیں کہ اس رقم کو کس طرح ٹیم اور سٹاف میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ 
این ڈی ٹی وی کے مطابق حالیہ ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے انڈیا کی جانب سے 42 لوگوں نے امریکہ اور ویسٹ انڈیز کا سفر کیا، جن میں 15 ٹیم پلیئرز، سپورٹ سٹاف اور ریزروز بھی شامل تھے​۔
اس حوالے سے سب سے اہم بات یہ ہے کہ ٹیم کے کس فرد کو کتنے پیسے ملیں گے یہ ان کے ٹیم کے لیے مختص کردار پر منحصر کرتا ہے۔ 
انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق انڈیا کی ٹیم کے 15 کھلاڑی بشمول وہ جو ایک بھی میچ نہیں کھیل پائے تھے، انہیں 5 کروڑ روپے ملیں گے۔ یہاں تک کہ ہیڈ کوچ راہُل ڈریوڈ کو بھی 5 کروڑ روپے ملیں گے۔ 
جہاں تک ڈریوڈ کے کوچنگ سٹاف کا تعلق ہے بشمول بیٹنگ کوچ وکرم راٹھور، فیلڈنگ کوچ ٹی دلیپ، اور بولنگ کوچ پارس مہمبرے، ان میں سے ہر ایک کو 2.5 کروڑ ملیں گے۔ سلیکشن کمیٹی کے ممبران بشمول ان کے سربراہ اجیت اگرکر کے درمیان 1، 1 کروڑ روپے تقسیم کیے جائیں گے۔
سپورٹ سٹاف یعنی معاون عملے میں سے تین فزیو تھراپسٹ، تین تھرو ڈاؤن سپیشلسٹ، دو مساج کرنے والے، اور ’سٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ‘ کوچ کو 2، 2 کروڑ روپے ملیں گے۔
بی سی سی آئی کی سلیکشن کمیٹی نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی سکواڈ کے ساتھ چار ریزرو کھلاڑیوں کو بھی نامزد کیا جن میں رنکو سنگھ، شبمن گل، اویش خان اور خلیل احمد شامل تھے۔ ان ریزور کھلاڑیوں میں سے ہر ایک کو 1 کروڑ روپے کی رقم سے نوازا جائے گا۔
اس سے قبل بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ نے کہا تھا ’جہاں تک 125 کروڑ روپے کا تعلق ہے، اس میں کھلاڑیوں، معاون عملے، کوچز اور سلیکٹرز کو بھی شامل کیا جائے گا۔‘
ٹیم انڈیا کی وطن واپسی کے بعد مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے بھی ٹیم کے لیے 11 کروڑ روپے کے نقد انعام کا اعلان کیا ہے۔

شیئر: