Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’قیادت تعاون نہیں کر رہی‘، گرفتار پی ٹی آئی سوشل میڈیا ورکرز کے اہل خانہ کا شکوہ

9 مئی کے واقعات کے بعد بھی پی ٹی آئی اراکین کو گرفتار کیا گیا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنان کی گرفتاریوں کے بعد اب پی ٹی آئی سینٹرل میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے ارکان اور سوشل میڈیا ورکرز کی گرفتاریوں یا اُن کے لاپتہ ہونے کا ایک نیا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
حالیہ دنوں میں پی ٹی آئی کے سینٹرل میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے اہم رکن رضوان احمد، اُن کے بھائی محمد نعمان اور ایک اور رکن محمد شہریار لاپتہ ہوئے ہیں جن کا ابھی تک کوئی سراغ نہیں مل سکا۔
مزید برآں پی ٹی آئی کے سابق میڈیا کوآرڈینیٹر اظہر مشوانی کے دو بھائی اور سابق مشیر شہباز گِل کے ایک بھائی کو بھی نامعلوم افراد نے گرفتار کیا۔ پارٹی ان گرفتاریوں کا الزام قانون نافذ کرنے والے اداروں پر لگا رہی ہے۔
پی ٹی آئی مرکزی میڈیا کے اراکین کی گرفتاریوں پر بھی پارٹی کے اندر تقسیم دکھائی دے رہی ہے۔
پارٹی کے کچھ رہنما اِسے اپنے خلاف جاری مہم کا حصہ قرار دے رہے ہیں جبکہ بعض کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی مرکزی میڈیا کے ارکان کی گرفتاریاں پارٹی کے اندر سے معلومات دینے کی وجہ سے ہوئی ہیں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے گرفتار ارکان کے اہل خانہ پارٹی قیادت کی جانب سے تعاون نہ کرنے کا شکوہ کر رہے ہیں۔
پی ٹی آئی سی ایم ڈی کے سینیئر رکن رضوان ملک کے ایک کزن نے اُردو نیوز کو بتایا ہے کہ اب تک پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت کی جانب سے اُن کے ساتھ کچھ زیادہ تعاون نہیں کیا گیا۔
تاہم اُنہوں نے بتایا کہ رضوان ملک کی بازیابی کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے جس کی آج سماعت بھی متوقع ہے۔

شعیب شاہین نے کہا کہ پی ٹی آئی تمام ساتھیوں کی بازیابی کے لیے سرگرم عمل ہے۔ (فائل فوٹو)

میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے ارکان کی گرفتاری پر پی ٹی آئی میں تقیسم؟
عمران خان کی غیر موجودگی میں پاکستان تحریک انصاف کی قیادت آپسی اختلافات کا شکار رہی ہے۔ مختلف رہنماؤں کے ایک دوسرے کے خلاف بیانات کا سلسلہ بھی جاری رہتا ہے۔
پارٹی کے ایک سینیئر رہنما نے اپنا نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر اُردو نیوز کو بتایا کہ پی ٹی آئی سینٹرل میڈیا کے ارکان کے لاپتہ یا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے اُنہیں حراست میں لیے جانے کا سلسلہ عمران خان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کیے جانے والے ایک ٹویٹ سے ملتا ہے۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ عمران خان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے سقوطِ ڈھاکہ کے بارے میں کیا جانے والا ٹویٹ پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان اور میڈیا ارکان کو قانون نافذ کرنے اداروں کی نظروں میں لے کر آیا ہے۔
اُن کے خیال میں ایف آئی اے نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان رؤف حسن کو تحقیقات کے لیے بھی بُلایا تھا جہاں اُن سے لمبی پوچھ گچھ کی گئی۔
جب اِس بارے میں پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما اور ترجمان شعیب شاہین سے رابطہ کیا گیا تو اُنہوں نے کہا کہ جب حکومت اور اسٹیبلشمنٹ سیاسی ورکرز سے کچھ اُگلوانے میں ناکام ہوئے تو اب غیر سیاسی افراد یعنی ہمارے سینٹرل میڈیا کے بندوں کو اٹھانا شروع کر دیا ہے۔
اُنہوں نے الزام لگایا کہ اِن تمام گرفتاریوں یا ارکان کے لاپتہ ہونے کے پیچھے اسٹیبلشمنٹ کا ہاتھ ہے جو پاکستان تحریک انصاف کے بیانیے سے شکست کھا رہی ہے۔
شعیب شاہین کے خیال میں پی ٹی آئی کے سینٹرل میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے ارکان کی گرفتاریوں کی ایک وجہ پاکستان تحریک انصاف کی متاثر کن میڈیا پالیسی بھی ہے جو صحیح معنوں میں پارٹی کے موقف اور بیانیے کو عوام تک پہنچا رہی ہے۔

گرفتار ارکان کے اہل خانہ پارٹی قیادت کی جانب سے تعاون نہ کرنے کا شکوہ کر رہے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

اُن کا کہنا ہے کہ مقتدر حلقے پی ٹی آئی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کو غیرفعال بنانا چاہتے ہیں جس میں وہ کامیاب نہیں ہوں گے۔
شعیب شاہین نے اِن گرفتاریوں کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے اندر کسی قسم کی تقسیم کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی قیادت سینٹرل میڈیا کے تمام ساتھیوں کی بازیابی کے لیے سرگرم عمل ہے۔
سیاسی اُمور کے سینیئر تجزیہ نگار ضیغم خان کے خیال میں پی ٹی آئی مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے ارکان کی گرفتاری عام انتخابات 2024 کے بعد سے پی ٹی آئی کے خلاف نئے کریک ڈاؤن شروع ہونے کی ہی ایک کڑی ہے۔
اُنہوں نے اُردو نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ ’اس وقت بجٹ میں ٹیکسز کی شرح میں اضافے سے عوام میں ایک بے چینی ہے حکومت کو اس بات کا خدشہ ہے کہ اس صورتحال میں کوئی عوامی تحریک نہ شروع ہو جائے جبکہ پی ٹی آئی عوام کو سڑکوں پر لانے کے لیے جتن کر رہی ہے تاہم ایسی تحریکوں کو پیشگی کچلنے کے لیے حکومت پی ٹی آئی پر ایک طرح سے پریشر بنا رہی ہے۔‘
اُنہوں نے اپنی گفتگو کے دوران مزید بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کی میڈیا ٹیم کے خلاف کریک ڈاؤن پہلی مرتبہ نہیں ہوا۔ 9 مئی کے واقعات کے بعد بھی ایسے کئی افراد کی گرفتاریاں عمل میں لائی گئی تھیں جو کسی نہ کسی طرح سے پی ٹی آئی کی میڈیا پروموشن میں مصروف رہے تھے۔

شیئر: