Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد کے اتوار بازار میں آتشزدگی، وزیر داخلہ کا انکوائری کا حکم

وزیر داخلہ نے چیف کمشنر اسلام آباد سے ریورٹ طلب کی اور آتشزدگی کے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا۔ فائل فوٹو: اے پی پی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کے اتوار بازار میں آتشزدگی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کی ہے۔
بدھ کی دوپہر اسلام آباد کے سیکٹر ایچ نائن میں واقع ہفتہ وار بازار میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی جس کو بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق آگ بازار کے جوتوں اور کپڑے کے سیکشن میں لگی جو قریبی سٹالز تک پھیل گئی۔
جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) کے چیئرمین و چیف کمشنر محمد علی رندھاوا سے رابطہ کیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر چیئرمین سی ڈی اے موقع پر پہنچے اور آگ پر قابو پانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔
وزیر داخلہ نے سی ڈی اے کے چیئرمین کو ہدایت کی کہ ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی ٹیموں کی تعداد بڑھائی جائے اور اضافی وسائل لگا کر آگ پر قابو پانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
بیان کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد سے ریورٹ طلب کی اور آتشزدگی کے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا۔
اسلام آباد کے اس بازار میں ماضی میں بھی آتشزدگی کے واقعات ہوتے رہے ہیں اور حکام اس کی انکوائری کے لیے کمیٹیاں تشکیل دینے کے اعلان کرتے آئے ہیں۔

شیئر: