Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کامیابی کو انجوائے کررہے ہیں،سرفراز احمد

  کراچی ... پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ہند کے خلاف گروپ میچ میں شکست کے بعد لڑکوں نے بہترین کم بیک کیا اور جس طرح فائنل میں کھیلے اس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ منگل کی صبح وطن واپسی پر اپنی رہائش کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شروع میں لڑکے پریشر میں آگئے تھے جس سے تھوڑا نقصان ہوا لیکن ٹیم مینجمنٹ کو کریڈٹ دوں گا جنہوں نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔سرفراز نے کہا کہ سینئرز نے بھی اہم مواقع پر زبردست پرفارمنس کا مظاہرہ کیا تاہم پاکستانی ٹیم نوجوان ٹیم تھی 9 کھلاڑی پہلی مرتبہ آئی سی سی کا ایونٹ کھیل رہے تھے 4 سے5 لڑکے پہلی مرتبہ ون ڈے ٹیم میں آئے تھے۔یہ ایک اچھی بات ہے کہ رومان رئیس، شاداب خان، فخر زمان اور حسن علی جیسے نوجوان کھلاڑی بڑے ایونٹس میں اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ کپتان نے کہا کہ استقبال کے لئے آنے والے تمام لوگوں کا شکریہ، قوم نے دعائیں کیں جو جیت میں کام آئیں، آگے بھی دعا کریں تاکہ ہم اور ٹرافیاں جیتنے میں کامیاب ہوسکیں۔ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ ہم نے چیزوں کو آسان رکھنے کی کوشش کی ۔لڑکوں کو نیچرل گیم کھیلنے کا مشورہ دیا، جیسے وہ ڈومیسٹک میچز میں کھیلتے ہیں۔کامیابی سب کی مشترکہ محنت کا نتیجہ ہے کسی ایک کی محنت نہیں تھی۔ہر شعبے میں اچھی کارکردگی دکھائی جس کی وجہ سے ٹیم آج چیمپیئن بنی۔اس سوال پر کہ کیا پاکستان 2019 کے ورلڈ کپ میں بھی ایسی ہی کامیابی حاصل کرے گا ۔انہوں نے کہا کہ آئندہ ورلڈ کپ میں ابھی ڈیڑھ سال باقی ہے۔چیمپیئنز ٹرافی کی یہ وکٹری بہت بڑی کامیابی ہے جسے ایک دو دن نہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔اس وقت کامیابی کو انجوائے کررہے ہیں۔

 

شیئر: