Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیل غزہ پر قبضہ نہ کرے، جنگ کو اب ختم ہونا چاہیے: صدر بائیڈن

غزہ میں جنگ کے آغاز پر اسرائیلی وزیراعظم نے کہا تھا کہ وہ حماس کو ہمیشہ کے لیے ختم کر دیں گے۔ فوٹو: روئٹرز
امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ اسرائیل کی غزہ میں جنگ اب ختم ہونی چاہیے اور جنگ کے بعد اسرائیل کو علاقے پر قبضہ نہیں کرنا چاہیے۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق جمعرات کو صدر بائیڈن نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ ان کے جنگ بندی کے فریم ورک پر اسرائیل اور حماس دونوں نے اتفاق کیا تھا لیکن معاہدہ طے پانے کے لیے ابھی کچھ کمیاں باقی ہیں۔
امریکی صدر نے کہا کہ ’اس فریم ورک پر اب اسرائیل اور حماس دونوں متفق ہیں۔ اس لیے میں نے اپنی ٹیم کو اس خطے (مشرق وسطیٰ) میں بھیجا تاکہ تفصیلات کو آگے بڑھایا جا سکے۔‘
بائیڈن نے مئی کے آخر میں تین مرحلوں پر مشتمل جنگ بندی کی ایک تجویز دی تھی جس میں لڑائی کو روکنا، غزہ میں یرغمالیوں اور اسرائیل کے زیر حراست فلسطینی قیدیوں کی رہائی، غزہ سے اسرائیل کے انخلا اور تباہ حال علاقے کی تعمیر نو شامل ہے۔
سی آئی اے کے ڈائریکٹر بل برنز اور مشرق وسطیٰ کے لیے امریکی ایلچی بریٹ میک گرک نے رواں ہفتے مشرق وسطیٰ میں جنگ بندی کے معاہدے پر بات کرنے کے لیے علاقائی ہم منصبوں سے ملاقات کی ہے۔
بائیڈن نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ’یہ ایک مشکل، پیچیدہ مسائل ہیں۔ ابھی معاہدے تک پہنچنے میں خلا باقی ہے۔ ہم پیش رفت کر رہے ہیں۔ رجحان مثبت ہے۔ میں یہ معاہدہ طے پانے اور اس جنگ کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہوں، جسے اب ختم ہونا چاہیے۔‘
فلسطینی اسلامی گروپ حماس امریکی منصوبے کے ایک اہم حصے کو قبول کرتے ہوئے اپنے اس مطالبے سے دستبردار ہو گیا ہے کہ اسرائیل معاہدے پر دستخط کرنے سے پہلے مستقل جنگ بندی کا عہد کرے۔

گزشتہ برس سات اکتوبر کو غزہ پر اسرائیلی حملوں سے اب تک علاقے میں 39 ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ فائل فوٹو: روئٹرز

اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے اصرار کیا ہے کہ کوئی بھی معاہدہ اسرائیل کو دوبارہ جنگ شروع کرنے سے اُس وقت تک نہ روکے جب تک اس کے جنگی مقاصد پورے نہیں ہو جاتے۔
غزہ میں جنگ کے آغاز پر اسرائیلی وزیراعظم نے حماس کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کا عہد کیا تھا۔
نیتن یاہو کے دفتر نے بدھ کو کہا کہ وہ غزہ میں جنگ بندی کے لیے معاہدے تک پہنچنے میں پرعزم ہیں بشرطیکہ اسرائیل کی ریڈ لائنز کا احترام کیا جائے۔
دوسری جانب امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ اسرائیل کو غزہ پر قبضہ نہیں کرنا چاہیے اور اسرائیل کی جنگی کابینہ پر کسی حد تک تنقید بھی کی۔
جو بائیڈن نے اعتراف کیا کہ ’اسرائیل کی جانب سے بعض اوقات تعاون کم رہا۔‘

شیئر: