صدارتی امیدوار کی نامزدگی کے لیے دوسروں کو بھی موقع دیں، ڈیموکریٹس کا بائیڈن کو کھلا خط
سابق ارکان نے لکھا کہ اُن کو نہ صرف صدارت بلکہ کانگریس کی نشستوں کے ریپبلکن کے ہاتھ میں جانے کی فکر لاحق ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
امریکہ میں برسرِ اقتدار ڈیموکریٹ پارٹی کے سابق ارکانِ کانگریس نے ایک کھلے خط میں صدر جو بائیڈن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ الیکشن سے قبل دیگر امیدواروں کو بھی پارٹی کے صدارتی امیدوار کے طور پر نامزدگی کی دوڑ میں حصہ لینے کا موقع دیں۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق 24 سابق ارکان نے 81 سالہ جو بائیڈن کے نام خط میں کہا ہے کہ ’ایک یا اس سے زیادہ اہل امیدوار ڈیموکریٹ پارٹی کی جانب سے آگے آ سکتے ہیں۔‘
خط میں 24 دستخط کنندگان نے کہا کہ بائیڈن ’اس قوم جس سے وہ پیار کرتے ہیں کی بہترین خدمت کریں گے‘ اگر وہ ان مندوبین کو آزاد کر دیں جو ڈیموکریٹک نیشنل کنونشن میں انہیں ووٹ ڈالنے کے پابند ہیں اور اس ٹکٹ پر دیگر امیدواروں کو مقابلے کا موقع دیں۔
اس خط کو ’امریکی عوام کے نام‘ عنوان سے شائع کیا گیا ہے۔
خط کے مطابق ’ہمیں یقین ہے کہ ایک یا زیادہ قابل ڈیموکریٹک امیدوار آگے بڑھیں گے، جس سے جوش اور امید پیدا ہو گی۔‘
رواں ہفتے متعدد عوامی تقاریب اور میڈیا سے گفتگو میں صدر بائیڈن نے اس بات پر زور دیا کہ وہ الگے صدارتی الیکشن کی دوڑ میں ڈیموکریٹک امیدوار رہیں گے اور کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے۔
تاہم ڈیموکریٹ پارٹی کے موجودہ قانون سازوں میں سے 19 نے 27 جون کو ہونے والے صدارتی مباحثے میں شکست کے بعد ان کی صحت اور دماغی تندرستی کے بارے میں خدشات کے پیش نظر جو بائیڈن سے صدارتی دوڑ سے باہر ہونے کا مطالبہ کیا تھا۔
خط میں کہا گیا کہ ’صدر کی دیانتداری اور وژن برقرار ہے۔ تاہم صدر کو الیکشن مہم اور اگلی مدت کے لیے جس توانائی اور صلاحیت کی ضرورت ہے وہ کم ہو رہی ہے۔‘
سابق ارکان نے مزید لکھا کہ اُن کو نہ صرف صدارت بلکہ کانگریس کی نشستیں ریپبلکن کے ہاتھ میں جانے کی فکر لاحق ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ ’اگر بدترین واقعہ ہوتا ہے اور ہمیں ٹرمپ کی ایک اور مدت کا سامنا کرنا پڑتا ہے، تو ہماری آزادی اور قانون کی حکمرانی کو ری پبلکنز کی وفاقی حکومت کے مکمل کنٹرول سے بچانے کے لیے ڈیموکریٹس کو کانگریس کے کم از کم ایک ایوان کی ضرورت ہے۔‘