اینکرپرسن عائشہ جہانزیب پر تشدد، شوہر حارث علی جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل
اینکرپرسن عائشہ جہانزیب پر تشدد، شوہر حارث علی جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل
ہفتہ 13 جولائی 2024 17:57
عائشہ جہانزیب نے شوہر حارث علی پر تشدد کا الزام عائد کرتے ہوئے مقدمہ درج کروایا تھا (فائل فوٹو: عائشہ جہانزیب فیس بۃک)
کینٹ کچہری لاہور نے اینکرپرسن عائشہ جہانزیب پر تشدد کے مقدمے میں ملزم حارث علی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
ٹی وی اینکر عائشہ جہانزیب میں پر شوہر کی جانب سے مبینہ تشدد کے خلاف کیس کی سماعت سنیچر کو کینٹ کچہری لاہور ہوئی۔
عدالت نے پولیس کی جانب سے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ملزم حارث علی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ پولیس نے تین روزہ جسمانی ریمانڈ میں کوئی چیز ریکور نہیں کی۔ ملزم کے خلاف تھانہ سرور روڑ پولیس نے اہلیہ کے خلاف تشدد کا مقدمہ درج کر رکھا ہے۔
اس سے قبل بدھ کو لاہور کی مقامی عدالت نے عائشہ جہانزیب کے شوہر حارث علی کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں پولیس کے حوالے کردیا تھا۔
اینکرپرسن عائشہ جہانزیب نے اپنے شوہر حارث علی پر تشدد کا الزام عائد کیا تھا جس کے بعد پولیس نے منگل کو انہیں گرفتار کیا تھا۔
ملزم شوہر حارث علی کو پولیس نے لاہور کی کینٹ کچہری میں پیش کیا تھا جہاں جوڈیشل مجسٹریٹ نے ملزم کے دو روزہ جسمانی ریمانڈ کی منظوری دی تھی۔
عائشہ جہانزیب نے شوہر کے خلاف تھانہ سرور روڑ میں مقدمہ درج کروایا تھا جس میں انہوں نے حارث علی پر تشدد کا الزام عائد کیا۔
ایف آئی آر میں درج تفصیلات کے مطابق عائشہ جہانزیب کا کہنا تھا کہ انہوں نے حارث علی سے 2015 میں شادی کی جن سے ان کے بچے بھی ہیں۔
ایف آئی آر کے متن میں عائشہ جہانزیب نے موقف اپنایا کہ ان کے شوہر سخت مزاج ہیں۔ رواں سال جنوری سے ان کے شوہر نے انہیں اور بچوں کو تشدد کا نشانہ بنایا، تاہم رشتہ نبھانے کی خاطر اس مسئلے کو نہیں اُٹھایا۔
ان کے بقول اُن کے شوہر شکی مزاج ہیں اور پہلے واقعے کے بعد سے وہ کئی مرتبہ انہیں تشدد کا نشانہ بنا چکے ہیں۔ 24 کو بھی انہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
ایف آئی آر کے مطابق عائشہ جہانزیب کے شوہر نے انہیں ’بالوں سے پکڑ کر گھسیٹا، لاتوں اور مکّوں سے مارا پیٹا‘ جس کی وجہ سے انہیں زخم آئے۔
مقدمے کی تفصیلات کے مطابق عائشہ جہانزیب کے شوہر نے انہیں آٹھ جولائی کو دوپہر کے وقت ایک مرتبہ پھر تشدد کا نشانہ بنایا۔ اور انہیں گھسیٹتے ہوئے گیٹ تک لے گئے اور پستول نکال کر ان کی کنپٹی پر رکھی۔
انہوں نے تھانے میں کچھ تصاویر بھی جمع کروائی تھیں جن میں ان کا تشدد زدہ چہرہ دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد ان کے شوہر حارث علی کو منگل کی شام گرفتار کیا تھا۔