Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیصل آباد میں خاتون کو برہنہ کر کے مبینہ تشدد، مقدمہ درج

ایف آئی آر کے مطابق مطابق یہ واقعہ 29 نومبر کو کھڑیانوالہ کے ایک گاؤں میں پیش آیا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے ضلع فیصل آباد میں پولیس نے ایک خاتون کو مبینہ طور پر برہنہ کر کے تشدد کا نشانہ بنانے پر کچھ افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ 
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق مطابق یہ واقعہ 29 نومبر کو کھڑیانوالہ کے ایک گاؤں میں پیش آیا جہاں کچھ افراد نے ایک گھر پر دھاوا بولا اور اور وہاں موجود میاں بیوی کو تشدد کا نشانہ بنایا۔  
سی پی او فیصل آباد خالد ہمدانی نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’ابھی تک جو معلومات پولیس کو دی گئی ہیں ان کی بنیاد پر مقدمہ درج ہو چکا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔‘
انہوں نے بتایا کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق ان افراد نے  پہلے تشدد کیا اور پھر خاتون کے کپڑے پھاڑ دیے۔ ملزمان ان کی ویڈیوز بناتے رہے جس کو بعد اسے سوشل میڈیا پر بھی جاری کر دیا گیا۔‘
خاتون کے شوہر کی جانب سے درج ایف آئی آر میں واقعے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مذکورہ افراد کی بیٹی اور متاثرہ میاں بیوی کا بیٹا ایک دوسرے کو پسند کرتے ہیں۔
سی پی او فیصل آباد نے بتایا ’لڑکے کی والدہ کو جان بوجھ کر برہنہ کیا گیا جو ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں ان میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ ملزمان سے معافی مانگ رہی ہیں، لیکن یہ ملزمان باز نہیں آئے اور اپنے عمل کو جاری رکھا۔ یہ ایک انسانیت سوز واقعہ ہے۔‘  
انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے ایس ایس پی آپریشن کی نگرانی میں ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
وزیر اعلی پنجاب پرویزالہی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم جاری کیا ہے۔
وزیر اعلی آفس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ’وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے فیصل آباد کے علاقے کھڑیانوالہ میں خاتون سے ناروا سلوک کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کر لی ہے، اور کہا ہے کہ متاثرہ خاتون کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے۔‘  

شیئر: