متحد رہیں اور برائی کو جیتنے نہ دیں: ڈونلڈ ٹرمپ کا قاتلانہ حملے کے بعد پیغام
اتوار 14 جولائی 2024 16:48
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ یہ قدرت کی مدد تھی جس کی وجہ سے وہ قاتلانہ حملے میں زندہ بچ گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے پینسلواینیا میں ریلی کے دوران ہونے والے حملے کے بعد امریکیوں کو متحدہ رہنے کی اپیل کی ہے۔
سابق امریکی صدر نے کہا کہ ’یہ خدا ہی ہے جس نے اس ناقابل تصور واقعے کو روکا۔‘
انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹُرتھ‘ پر امریکی شہریوں سے کہا کہ وہ متحد رہیں اور ’برائی کو جیتنے نہ دیں۔‘
سنیچر کی شام کو ڈونلڈ ٹرمپ پنسلوینیا کے علاقے بٹلر میں منعقد ریلی سے خطاب کر رہے تھے جب ان پر فائرنگ ہوئی۔ اس دوران گولی سابق صدر کے دائیں کان کے اوپری حصے کو چُھو کر گزری۔
ٹیلی ویژن چینلز پر چلنے والی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کان زخمی ہوا ہے اور اس سے خون بہہ رہا ہے۔
امریکی سیکرٹ سروس نے جاری بیان میں کہا تھا کہ مشتبہ شوٹر نے ریلی سے باہر کسی اونچے مقام سے سٹیج کی جانب متعدد فائر کیے۔
سکیورٹی ایجنٹس نے حملہ آور کو گولی مار کر موقع پر ہی ہلاک کر دیا تھا۔
حملہ آور کی فائرنگ سے ریلی میں موجود ایک شخص ہلاک ہوا ہے جبکہ دو شدید زخمی ہیں۔
بعدازاں خبر رساں ادارے اے ایف پی نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آئی) کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ 20 سالہ تھامس میتھیو کروکس نے سابق صدر کو قتل کرنے کی کوشش کی۔
ایف بی آئی نے بیان میں کہا کہ حملہ آور کا تعلق ریاست پینسلوینیا کے علاقے بیتھل پارک سے ہے۔
امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق تھامس میتھیو کروکس کی سیاسی وابستگی واضح نہیں ہے۔
ریکارڈ سے معلوم ہوتا ہے کہ تھامس میتھیو پینسلوینیا میں ریپبلکن پارٹی کے ووٹر کے طور پر رجسٹرڈ تھے تاہم انہوں نے 2021 میں پروگریسیو پولیٹیکل ایکشن کمیٹی کو بھی 15 ڈالر عطیہ کیے تھے جس دن جو بائیڈن نے صدارتی عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔
دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ کے صدراتی الیکشن میں سب سے نمایاں حریف صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ ’اس قسم کے تشدد کی امریکہ میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔‘
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹرتھ پر اتوار کو لکھا کہ ’اس لمحے سب سے زیادہ اہم یہی ہے کہ ہم متحد، مضبوط اور پرعزم رہتے ہوئے امریکیوں کا سچا کردار دکھائیں اور برائی کو جیتے نہ دیں۔‘
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ کل پیر کو وِسکونسن میں ری پبلکن نیشنل کنونشن شیڈول کے مطابق منعقد ہو گا۔