الباحہ: رغدان پارک کا قدرتی حسن سیاحوں کی توجہ کا مرکز
الباحہ: رغدان پارک کا قدرتی حسن سیاحوں کی توجہ کا مرکز
اتوار 14 جولائی 2024 21:22
رغدان پارک لیوینڈر گارڈن سے ملحق گھنے جنگل کا نظارہ بھی پیش کرتا ہے۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب کے پرفضا مقام الباحہ میں اپنے وسیع اور حسین ترین سرسبز مقامات، گھنے جنگل اور تازہ آب و ہوا کے ساتھ رغدان پارک سیاحوں کے لیے مقبول ترین مقام ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق مملکت بھر سے تفریح اور قدرتی حسن سے مالا مال مقامات کی تلاش میں آنے والے زائرین کے لیے یہ پرسکون منزل ہے۔
الباحہ ریجن کے میئر علی الصوات نے اپنے ایک انٹرویو میں رغدان فاریسٹ پارک کے اندر بلدیہ کی جانب سے مختلف منصوبوں کے بارے میں تفصیلات بتائی ہیں۔
علی الصوات نے بتایا ہے کہ ’ان منصوبوں میں 20 ہزار مربع میٹر پر پھیلا ہوا انتہائی اہم بہجت رغدان پارک ہے، جس میں 700میٹر مین واک وے بنایا گیا ہے جبکہ 18 ہزار مربع میٹر پر مشتمل بیٹھنے کے لیے سرسبز مقامات موجود ہیں۔
اس پارک میں 30 میٹر اونچی آبشار، 156 آرائشی ستون اور بچوں کی تفریحی کے لیے تین مختلف مقامات تیار کیے گئے ہیں۔ یہاں فوٹو گرافی کے لیے تین الگ زون بھی ہیں جو حسین نظاروں کو کیمرے میں قید کرتے ہیں۔
رغدان پارک میں پیدل چلنے کے لیے 25 میٹر طویل ایک پل ہے، اس پل کی خوبصورت انداز سے آرائش کی گئی ہے۔
پارک میں 20 ہزار مربع میٹر سے زیادہ رقبے پر پھیلی ایک سائٹ ہے جہاں کافی شاپ اور کھانے پینے کا مقام شامل ہے۔
یہاں لیوینڈر گارڈن کے ساتھ ایک گھنے جنگل کا نظارہ اور سیر کی جا سکتی ہے۔
رغدان پارک کے مرکز میں آٹھ ہزار مربع میٹر پر پھیلا خاص علاقہ ہے جہاں تقریباً پانچ ہزار مربع میٹر پر محیط خوبصورت پھولوں سے سجا باغ ہے۔
اس سے متصل قدرتی پتھروں سے تیار کیا گیا 500 میٹر طویل واک وے ہے جس میں آبشاریں بنائی گئی ہیں۔
رغدان پارک کے منفرد منفرد منصوبے میں تقریباً 270 آرائشی کھمبوں پر روشنی کا انتظام کیا گیا ہے۔ راستوں میں رنگ برنگے پھولوں کی کیاریوں کے درمیان بیٹھنے کے مقامات اور لکڑی کے پل بنائے گئے ہیں۔
الباحہ کے میئر علی الصوات ریجن میں آنے والے سیاحوں کو رغدان پارک کے پرسکون ماحول، شاندار نظاروں، وادیوں اور سرسبز علاقے سے لطف اندوز ہونے کے لیے خوش آمدید کہتے ہیں۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں