Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بنوں چھاؤنی پر خودکش حملے میں 10 دہشت گرد ہلاک، 8 اہلکار جان سے گئے

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق بروقت اور موثر جوابی کارروائی نے بڑی تباہی کو روکا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں کے کینٹونمنٹ میں کلیئرنس آپریشن کے نتیجے میں 10 دہشت گرد ہلاک اور آٹھ اہلکار جان سے گئے۔
منگل کو پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’پیر 15 جولائی کو علی الاصبح 10 دہشت گردوں نے بنوں چھاؤنی میں گھسنے کی کوشش کی جس کو ناکام بنا دیا گیا۔‘
بیان کے مطابق ’سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بروقت اور موثر جوابی کارروائی نے بڑی تباہی کو روکا جس سے قیمتی جانیں بچ گئیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی چھاؤنی میں داخل ہونےکی کوشش ناکام بنا دی جس پر دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی چھاؤنی کی دیوار سے ٹکرا دی۔
بیان کے مطابق دہشت گردی کی کارروائی حافظ گل بہادر گروپ نے کی جو افغانستان سے کارروائیاں کرتا ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاکستان نے افغانستان کی عبوری حکومت سے مسلسل اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔
’افغانستان کی عبوری حکومت سے کہا ہے کہ دہشتگردوں کی جانب سے اپنی سرزمین کا مسلسل استعمال روکے اور دہشت گرد عناصر کے خلاف موثر کارروائی کرے۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردی کی اس لعنت کے خلاف ملک اور عوام کا دفاع کریں گی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ افغانستان سے آنے والے ان خطرات کے خلاف مناسب سمجھے جانے والے تمام ضروری اقدامات کریں گے۔

فوجی اہلکاروں کا تعلق ضلع پونچھ، خوشاب، نیلم، مظفر آباد، کرک، بہاولپور اور لکی مروت سے تھا۔ (فوٹو: آئی ایس پی آر)

آئی ایس پی آر کے مطابق فوجی اہلکاروں کا تعلق پونچھ، خوشاب، نیلم، مظفر آباد، کرک، بہاولپور اور لکی مروت سے تھا۔
منگل کو ڈی پی او ضیا الدین نے اردو نیوز کو بتایا تھا کہ بارود سے بھری گاڑی کا دھماکہ کیا گیا تھا، جس کے بعد فائرنگ بھی کی گئی۔ 
ڈی پی او بنوں کے مطابق دہشت گردوں کے حملے میں چھ شہری زخمی ہوئے جن کو ڈسٹرکٹ ہسپتال پہنچایا گیا۔
پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف فوج اور دیگر سکیورٹی فورسز کی قربانیاں لازوال ہیں۔
’پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، دہشت گردی کے عفریت کو مکمل ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔‘
اے پی پی کے مطابق منگل کو وزیراعظم آفس میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے بنوں چھاؤنی پر ایک بڑا دہشت گرد حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
’وزیراعظم نے بنوں چھاؤنی میں دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی اور حملے میں شہید ہونے والے پاک فوج اور فرنٹیئیر کانسٹیبلری کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔‘
صدر آصف علی زرداری کی بنوں کینٹ واقعے کی مذمت
صدر آصف علی زرداری نے بنوں کینٹ میں دہشت گردی کے واقعے کی پُر زور مذمت کی ہے۔ واقعے میں شہید ہونے والے جوانوں کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
منگل کو ایوان صدر پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر نے کہا کہ ’ہمارے جوانوں نے بروقت کارروائی کر کے قوم کو بڑے نقصان سے بچا لیا۔ پوری قوم کو اپنے بہادر جوانوں کی قربانی پر فخر ہے۔‘

شیئر: