Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’دریائے سین اولمپکس گیمز کے لیے صاف ہے،‘ پیرس کی میئر کا دریا میں ڈبکی لگا کر اعلان

پانی اتنا صاف ہے کہ اولمپکس میں کھلی تیراکی کے مقابلوں کی میزبانی کی جا سکے۔ فوٹو اے پی
پیرس کی میئر این ہیڈالگو نے شہر کے وسط میں بہنے والے دریائے سین میں بدھ کے روز ڈبکی لگا کر اولمپکس 2024 کے لیے دریا کے پانی کے صاف ستھرا ہونے کا اعلان کیا۔
امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق سمر اولمپکس مقابلوں سے مہینوں قبل دریائے سین کو صاف کرنے سے متعلق میئر نےاپنا وعدہ پورا کیا ہے۔
میئر نے دریا میں تیراکی کرکے دکھایا کہ دریا کا پانی اتنا صاف ہے کہ 2024 کے اولمپکس کے دوران کھلی تیراکی کے مقابلوں کی میزبانی کر سکتا ہے۔ اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں نو دن باقی ہیں۔
تیراکی کے سوٹ میں ملبوس میئر کا دریا میں اترنے میں پیرس 2024 کے سربراہ ٹونی ایسٹانگویٹ اور پیرس کے علاقے کے اعلیٰ سرکاری اہلکار مارک گیلوم نے ساتھ دیا۔
اس موقع پر سٹی میئر نے کہا کہ دریا کا پانی بہت اچھا ہے ، تھوڑا ٹھنڈا ہے لیکن بہتر ہے۔
’ہمارا یہ عمل سمر اولمپکس گیمز سے پہلے دریا کی بہتر صفائی ظاہر کرنے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے۔‘
سمر اولمپکس کا شاندار آغاز 26 جولائی کو ایک اوپن ایئر تقریب کے ساتھ ہوگا جس میں دریائے سین میں کشتیوں پر کھلاڑیوں کی پریڈ بھی شامل ہے۔
میئر نے بتایا ہے کہ جون کے اوائل سے دریائے سین کے پانی کے معیار کو یومیہ بنیادوں پر ٹیسٹ کیا جارہا ہے، پانی کی صفائی میں غیر معمولی بہتری آئی ہے۔

 سابق صدر جیک شیراک جب پیرس کے میئر تھے دریا صاف کرانے کا وعدہ کیا تھا۔ فوٹو اے پی

پیرس شہر کے منتظمین نے دریائے سین کو اولمپکس کے لیے یقینی طور پر شفاف بنانے کے لیے ڈیڑھ بلین ڈالر کے اخراجات کا تخمیہ لگایا ہے۔
وسطی پیرس میں دریا کا پانی صاف کرنے کے لیے زیر زمین پانی ذخیرہ کرنے کے منصوبے کی تعمیر کے علاوہ  سیوریج کے بنیادی ڈھانچے کی تزئین و آرائش اور گندے پانی کی صفائی کے پلانٹس کو اپ گریڈ کرنا شامل تھا۔
فرانس کے متعدد سیاستدانوں کی جانب سے متعدد بار کیے جانے والے وعدے کے باوجود دریائے سین میں تیراکی پر عرصہ دراز سے پابندی عائد ہے۔

 سمر اولمپکس سے قبل دریا کی صفائی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے۔ فوٹو اے پی

فرانس کے سابق صدر جیکوئس شیراک نے 1988 میں، جب وہ پیرس شہر کے میئر تھے، دریائے سین کو صاف کرانے کا وعدہ کیا تھا جو کبھی پورا نہیں ہوا۔
دریائے سین کے بہاؤ اور آلودگی کی سطح پر تشویش برقرار ہے جس کی وجہ سے مانیٹرنگ گروپ ایو ڈی پیرس یومیہ بنیادوں پر پانی کے معیار کے ٹیسٹ کرواتا ہے۔
جون کے اوائل میں کرائے گئے ٹیسٹ کے نتائج میں ای کولی بیکٹیریا کی غیر محفوظ سطح کی نشاندہی ہوئی تھی جس کے بعد حالیہ دنوں میں اس میں بہتری آئی ہے۔
اولمپکس گیمز کے دوران کھلے پانی میں تیراکی کے کئی مقابلوں کی دریائے سین میزبانی کرے گا، جن میں اولمپک گیمز میں میراتھن تیراکی اور اولمپک اور پیرا اولمپک ٹرائیتھلون کی تیراکی شامل ہیں۔

شیئر: