Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وہ انڈین جوڑے جن کی علیحدگی کی کسی کو توقع نہ تھی

ہاردک پانڈیا اور نتاشا سٹینکووچ کی شادی 31 مئی 2020 کو ہوئی تھی (فائل فوٹو: ہاردک پانڈیا انسٹاگرام)
بالی وُڈ کی زیادہ تر فلموں میں کلائمیکس کے بعد ایک خوش گوار اختتام دکھایا جاتا ہے لیکن حقیقی زندگی میں جوڑوں کے ہاں ایسا کچھ نہیں ہوتا۔
بعض جوڑے زندگی کی آخری سانس تک ایک دوسرے کا ساتھ نبھاتے ہیں اور کچھ ہاردک پانڈیا اور نتاشا سٹینکووچ کی طرح انفرادی طور پر کچھ بڑا کرنے کے لیے اپنی راہیں جدا کرلیتے ہیں۔
ابھی مداحوں کی جانب سے ہاردک پانڈیا اور نتاشا سٹینکووچ کی علیحدگی کی تازہ خبر کو ہضم کیا جا رہا ہے۔ آئیے آپ کو بتاتے ہیں ایسے ہی سٹار جوڑوں کے بارے میں جن کی محبت اور آپسی لگاؤ کو دیکھ کر لگتا تھا یہ کبھی بھی جدا نہیں ہوں گے۔

ہاردک پانڈیا اور نتاشا سٹینکووچ

ہندوستان ٹائمز کی ایک خبر کے مطابق کافی عرصے تک مداح یہی سمجھتے رہے کہ ہاردک پانڈیا اور نتاشا سٹینکووچ کی طلاق کی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
ان کے خیال میں طلاق کی یہ افواہیں آئی پی ایل 2024 میں خراب کارگردگی سے توجہ ہٹانے کے لیے کیے گئے پبلسٹی سٹنٹ سے زیادہ کوئی اہمیت نہیں رکھتیں۔
ٹی20 ورلڈ کپ 2024 میں اچھی کارگردگی دکھانے کے باوجود جوڑے میں صلح کی کوئی خبر سامنے نہیں آئی تھی۔
تاہم جمعرات کو ہاردک پانڈیا نے اپنی اہلیہ سے باضابطہ طور پر علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے چار سالہ رشتے کو ختم کر دیا۔
اب ان کا بیٹا اگستیا ہاردک اور نتاشا کے درمیان اہم مرکز رہے گا۔

کارتک آریان اور سارہ علی خان

سارہ علی خان نے ’کافی ود کرن‘ کے اپنے پہلے شو میں جب یہ بتایا کہ ان کے کرش کارتک آریان ہیں تو اس کے فوری بعد ہی 2020 میں ’لو آج کل‘ کی شوٹنگ شروع ہو گئی جہاں آن سکرین جوڑی کا حقیقت میں بھی ایک دوسرے کے ساتھ محبت کا آغاز ہوا۔
اگرچہ ان کی جوڑی خوب جم رہی تھی لیکن کس کو یہ امید نہ تھی کہ اس جوڑی کی پہلی فلم کی نمائش سے قبل ہی علیحدگی ہو جائے گی۔

کارتک آریان سارہ علی خان کے کرش ہوا کرتے تھے (فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

خبروں کے مطابق کارتک اور سارہ نے اپنی پیشہ وارانہ زندگی پر توجہ دینے کے لیے راہیں جدا کیں۔
جوڑی کے چاہنے والوں کی اب بھی خواہش ہے کہ کارتک اور سارہ کے درمیان صلح ہوجائے بلکہ بعض ریڈاٹ کے صارفین کا تو یہ خیال ہے کہ دونوں ایک خفیہ تعلق میں ایک دوسرے کے ساتھ ہیں۔

ادیتیا روئے کپور اور اننیا پانڈے

ادیتیا روئے کپور اور اننیا پانڈے کی رومانوی چھٹیوں کی فوٹو سامنے آنے کے بعد دونوں کو ریلیشن شپ میں سمجھا جا رہا تھا، تاہم اننیا اور ادیتیا نے ’کافی ود کرن‘ میں جب علیحدہ علیحدہ شرکت کی تو دونوں کی جانب سے باتوں باتوں میں بالواسطہ طور پر ایک دوسرے کے ساتھ ہونے کی تصدیق بھی کر دی گئی تھی۔

ادیتیا روئے اور اننیا پانڈے کی رومانوی چھٹیوں کی فوٹو سامنے آنے کے بعد دونوں کو ریلیشن شپ میں سمجھا جا رہا تھا (فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

سو جب اننیا کی جانب سے خود کو ’اننیا کوئے کپور‘ کہا گیا تو اس کے بعد رواں سال مارچ میں ان کی علیحدگی کی خبریں سامنے آئیں۔
دوسری طرف انٹرنیٹ کے مطابق اب اننیا پانڈے ہاردک کے ساتھ آگے بڑھ چکی ہیں۔ ان افواہوں کا آغاز تب ہوا جب اننیا کو اننت امبانی کی شادی میں ہاردک کے ساتھ ڈانس کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

ریتک روشن اور سوزین خان

بالی وڈ کی سنہری جوڑی ریتک روشن اور سوزین خان ایک ایسا کپل تھے جن کے بارے میں سوچا بھی نہیں جاسکتا تھا کہ ان کی بھی کبھی علیحدگی ہوسکتی ہے۔
لیکن پھر ایسا ممکن ہوا شادی کو 13 برس گزر چکے تھے جب ریتک اور سوزین نے علیحدگی کا اعلان کیا۔

شادی کے 13 برس گزر جانے کے بعد ریتک اور سوزین نے علیحدگی کا اعلان کیا (فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

اس کے ایک سال بعد انہوں نے طلاق کے لیے درخواست دائر کی لیکن اپنے بیٹوں ہریہان اور ہریدھان کی ساتھ ساتھ پرورش بھی کرتے رہے۔
سابق جوڑے کی اب بھی آپس میں اچھی دوستی ہے تاہم جہاں ریتیک صبا آزاد کے ساتھ آگے بڑھ گئے ہیں وہیں خبروں کے مطابق سوزین فی الحال ارسلان گونی کو ڈیٹ کر رہی ہیں۔

ملائیکہ اروڑہ اور ارجن کپور

ملائیکہ اروڑہ اور ارجن کپور ایک اور ایسا ہی جوڑا ہے جس کے بارے میں تمام تر تنقید کے باوجود یہ خیال کیا جارہا تھا کہ دونوں ایک دوسرے کے ساتھ ہی رہیں گے۔
دونوں نے کبھی اپنے تعلق کے بارے میں باضابطہ بات چیت نہیں کی، تاہم دوںوں کے سوشل میڈیا پر کی جانے والی پوسٹوں سے ظاہر ہوتا تھا کہ ملائیکہ اروڑہ اور ارجن کپور گہری محبت میں ہیں۔

ملائیکہ اروڑہ اور ارجن کپور دونوں نے کبھی اپنے تعلق کے بارے میں باضابطہ بات چیت نہیں کی (فائل فوٹو: سکرین گریب)

جوڑی کی علیحدگی سے متعلق خبریں انٹرنیٹ کی ذینت بنتی رہیں لیکن دونوں نے ان افواہوں کی کبھی پروا نہیں کی، تاہم اننت امبانی کی شادی کی تقریب میں ملائیکہ اروڑہ کی عدم شرکت نے ایک مرتبہ پھر جوڑے کے بریک اپ کی خبروں کو ہوا دی ہے۔

ایشوریہ رائے اور ابھیشیک بچن

ایشوریہ رائے اور ابھیشیک بچن نے اپنے درمیان علیحدگی کی خبروں کی ابھی تک تصدیق یا تردید نہیں کی، تاہم حالیہ دنوں میں ابھیشیک بچن کی جانب سے طلاق کی ایک سوشل میڈیا پوسٹ کو لائیک کیے جانے کے بعد سمجھا جا رہا ہے کہ دونوں نے اپنی راہیں جدا کرلی ہیں۔
ادھر دوسری طرف جوڑے نے اننت امبانی کی شادی میں علیحدہ علیحدہ شرکت کر کے ان خبروں کو مزید ہوا دی ہے۔
تاہم ان کے پرستاروں کی جانب سے یہ امید ظاہر کی جارہی ہے کہ جوڑے کی جانب سے طلاق کی خبروں کی تردید کی جائے گی اور ’ٹینشل ٹاؤن‘ کی ایک اور خوب صورت جوڑی راہیں جدا نہیں کرے گی۔

شیئر: