Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہاردک پانڈیا اور ان کی اہلیہ نتاشا سٹینکووچ کا باضابطہ طور پر علیحدگی کا اعلان

ہاردک پانڈیا اور نتاشا سٹینکووچ کی شادی 31 مئی 2020 کو ہوئی تھی (فوٹو: سکرین گریب، انسٹاگرام)
انڈین کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا نے اپنی اہلیہ نتاشا سٹینکووچ سے علیحدگی کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر گذشتہ کئی ماہ سے کرکٹر اور اُن کی اہلیہ کے درمیان علیحدگی کی افواہیں گردش کر رہی تھیں، تاہم جمعرات کو ہاردک پانڈیا نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ پر ان خبروں کی تصدیق کرتے ہوئے اہلیہ سے علیحدگی کا اعلان کیا۔
سماجی رابطوں کی ایپ انسٹاگرام پر پوسٹ میں ہارک پانڈیا نے لکھا کہ ’چار سال تک ساتھ رہنے کے بعد نتاشا اور میں نے باہمی رضامندی سے یہ فیصلہ کیا ہے کہ ہم اپنے راستے جدا کر لیں۔‘
انہوں نے اپنی ذاتی زندگی کے متعلق بات کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ’ہم نے اس رشتے کو نبھانے کی پوری کوشش کی، ہم یہ سمجھتے ہیں کہ علیحدگی کا یہ فیصلہ ہم دونوں کے حق میں بہترین ہے۔ یہ ہمارے لیے ایک مشکل فیصلہ ہے۔‘
انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مزید کہا کہ ’ہمیں قدرت نے اگستیا (بیٹے) سے نوازا ہے، جو ہم دونوں کی زندگیوں کا مرکز رہے گا اور ہم مشترکہ طور پر اس کی دیکھ بھال کریں گے اور ہر اس بات کو یقینی بنائیں گے جو اس کی خوشی کے لیے ہم کر سکتے ہیں۔‘
ہاردک نے اپنے مداحوں سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ’اس مشکل وقت میں ہم آپ سب سے سپورٹ کرنے اور اس معاملے پر پرائیوسی فراہم کرنے کی مخلصانہ درخواست کرتے ہیں۔‘
اس سے قبل انڈین میڈیا میں یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ ہاردک پانڈیا اور نتاشا سٹینکووچ کے درمیان معاملات ٹھیک نہیں چل رہے۔
نتاشا سٹینکووچ نے نہ صرف انسٹاگرام پر ہاردک پانڈیا کے ساتھ اپنی تصاویر ڈیلیٹ کر دی تھیں بلکہ انہوں نے اپنے شوہر کا سر نیم ’پانڈیا‘ بھی اپنے ہینڈل سے ہٹا دیا تھا۔
اہلیہ کی جانب سے نام اور تصاویر ڈیلیٹ کرنے کے بعد انڈین میڈیا میں دونوں کے رشتے کے بارے میں مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں تاہم دونوں کی جانب سے اس سے قبل اس بارے میں کوئی بیان سامنے نہیں آیا تھا۔
میڈیا اور سوشل میڈیا پر یہ افواہیں بھی گردش کر رہی تھیں کہ جوڑے کے درمیان طلاق ہو چکی ہے اور علیحدگی کے بعد نتاشا سٹینکووچ ہاردک پانڈیا کی جائیداد کا 70 فیصد حصہ بھی لیں گی۔

نتاشا سٹینکووچ کا تعلق یورپ کے ملک سربیا سے ہے اور وہ پیشے کے لحاظ سے ماڈل ہیں (فوٹو: سکرین گریب، سوشل میڈیا)

سوشل میڈیا پر صارفین انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے میچز میں نتاشا سٹینکووچ کی سٹیڈیمز میں غیر حاضری پر بھی حیران تھے۔
رواں سال ہاردک پانڈیا کے لیے کرکٹ کے میدانوں میں بھی مشکلات سے بھرپور رہا ہے۔
ہاردک پانڈیا کو اس سال کے آئی پی ایل سیزن کے لیے ممبئی انڈینز کی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا جس کے بعد ٹورنامنٹ کے آغاز کے کچھ میچز میں انہیں عوام کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا۔
اس کے علاوہ اُن کی قیادت میں ممبئی انڈینز نے پورے ٹورنامنٹ میں 14 میں سے صرف چار میچوں میں کامیابی حاصل کی اور پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر رہی۔
خیال رہے کہ ہاردک پانڈیا اور نتاشا سٹینکووچ کی شادی 31 مئی 2020 کو ہوئی تھی جس کے بعد جوڑے کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی۔
یاد رہے کہ نتاشا سٹینکووچ کا تعلق یورپ کے ملک سربیا سے ہے اور وہ پیشے کے لحاظ سے ماڈل ہیں۔

شیئر: