کھٹمنڈو میں طیارہ ٹیک آف کے دوران گر کر تباہ، 18 افراد ہلاک
کھٹمنڈو میں طیارہ ٹیک آف کے دوران گر کر تباہ، 18 افراد ہلاک
بدھ 24 جولائی 2024 10:27
نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں بدھ کی صبح ایک مسافر طیارہ ٹیک آف کے دوران گر کر تباہ ہو گیا ہے جس میں 18 افراد ہلاک ہو گئے ہیں تاہم پائلٹ زندہ بچ گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق نیپالی پولیس کے ترجمان دان بہادر نے کہا ہے کہ سوریا ایئرلائنز کی پرواز میں عملے کے دو ارکان اور کمپنی کے 17 ارکان ایک آزمائشی پرواز کے لیے سوار تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’پائلٹ کو بچا لیا گیا ہے اور ان کا علاج کیا جا رہا ہے۔ اٹھارہ لاشیں مل گئی ہیں جن میں ایک غیرملکی بھی شامل ہے۔‘
نیپال کی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سوریا ایرلائنز کا طیارہ مقامی وقت کے مطابق صبح سوا 11 بجے تباہ ہوا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ امدادی سرگرمیوں میں فوج کی ریپڈ رسپانس ٹیم نے بھی حصہ لیا۔
کھٹمنڈو ایئرپورٹ کے جنرل منیجر جگن ناتھ نیرولا نے بتایا کہ مزید تفصیلات کے بارے میں آگاہ کر دیا جائے گا۔
کھٹمنڈو پوسٹ اخبار نے کہا ہے کہ طیارے میں عملے سمیت 19 افراد سوار تھے۔ روزنامہ خبرہَب نے رپورٹ کیا کہ رن وے پر پھسلنے کے بعد طیارے میں آگ لگ گئی تھی، جس سے دھواں نکل رہا تھا۔
طیارہ کھٹمنڈو سے ایک اہم سیاحتی مقام پوکھارا جا رہا تھا۔ سوریا ایئرلائنز کے پاس بمبارڈیئر سی آر جی 200 جیٹ ہیں۔
حالیہ برسوں میں نیپال کی فضائی صنعت عروج پر پہنچی ہے۔ فضائی سروس کے ذریعے دوردراز علاقوں تک لوگوں اور سامان کو پہنچایا جاتا ہے۔ تاہم نیپال کی فضائی سروس ناکافی تربیت اور ناقص حفاظتی اقدامات کی وجہ سے مشکلات سے دوچار ہے۔
یوروپی یونین نے حفاظتی خدشات کے پیش نظر تمام نیپالی طیاروں کو اپنی فضائی حدود میں داخل ہونے سے روکا ہوا ہے۔
ہوا بازی کی حفاظت سے متعلق نیپال کے افسوسناک ریکارڈ اور اس کے خطرناک جغرافیائی حدود کی وجہ سے فضائی سفر مزید پیچیدہ ہو گیا ہے۔
نیپال کا آخری بڑا فضائی حادثہ جنوری 2023 میں ہوا تھا، جب ییتی ایئر لائنز کا طیارہ پوکھارا میں لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہو گیا۔ اس طیارے میں سوار تمام 72 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
اس سے قبل 1992 میں پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کے طیارے میں سوار تمام 167 افراد اس وقت ہلاک ہو گئے جب یہ کھٹمنڈو ایئرپورٹ کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔
1992 کے آغاز میں تھائی ایئر ویز کا ایک طیارہ اسی ایئرپورٹ کے قریب گر کر تباہ ہو گیا تھا جس میں 113 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔