Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بنوں واقعہ حکومت اور اداروں کو ناکام کرنے کے لیے کیا گیا: وزیر قانون کے پی

خیبرپختونخوا کے وزیر قانون آفتاب عالم کا کہنا ہے کہ 9 مئی کے مقدمات ختم کرنے کے لیے عدالتی عمل جاری ہے جس کے بعد جنہوں نے یہ کھیل کھیلا ان سے حساب لیا جائے گا۔
اردو نیوز کے ساتھ خصوصی گفتگو میں بنوں واقعہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم کا کہنا تھا کہ بنوں واقعے کے پیچھے وہ عناصر ہیں جو سکیورٹی اداروں اور حکومت کو ناکام کرنا چاہتے ہیں۔
’واقعے کی انکوائری کا حکم وزیراعلیٰ دے چکے ہیں جس کی رپورٹ جلد منظر عام پر آجائے گی۔‘
آفتاب عالم نے کہا کہ بنوں میں جو ہلاکتیں ہوئی وہ افسوسناک ہے۔
’فیکٹ فائینڈنگ کمیٹی کی رپورٹ کا انتظار ہے۔ ظاہر بات ہے کہ یہ ایک تخریب کاری تھی جو عوام اور اداروں کو آپس لڑانے کے لیے کی گئی تھی۔‘
وزیر قانون کا کہنا تھا کہ ’ہم ٹکراو کے قائل نہیں، ہم سجھتے ہیں کہ ہماری حکومت عوام کی نمائندہ ہے اس لیے عوام کی بھلائی چاہتے ہیں۔ ہم ایسے کسی بھی واقعے کی حوصلہ شکنی کریں گے۔‘
صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم نے کہا کہ 9 مئی پی ٹی آئی کی مقبولیت کو کم کرنے کی ایک سازش تھی جو ناکامی سے دوچار ہوئی۔
’ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے ادارے مضبوط ہوں اور اس کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہے ہیں۔‘
وزیر قانون کا کہنا تھا کہ افسوس ہوتا ہے کہ ہر پریس کانفرنس کے دوران بار بار 9 مئی کا ذکر چھیڑا جاتا ہے اور اشارہ پی ٹی آئی کی طرف ہوتا ہے۔

آفتاب عالم نے کہا کہ 9 مئی پی ٹی آئی کی مقبولیت کو کم کرنے کی ایک سازش تھی۔ (فوٹو: اردو نیوز)

’اداروں کو ایسا نہیں کرنا چاہیے کیونکہ پی ٹی آئی ایک بڑی جماعت ہے جو 80 فیصد عوام کی نمائندگی کر رہی ہے۔‘

9 مئی کے مقدمات کب ختم کیے جارہے ہیں؟

وزیر قانون آفتاب عالم نے کہا کہ 9 مئی کے جعلی مقدمات ختم کیے جا رہے ہیں جس کے لیے عدالتوں سے رجوع کرلیا گیا ہے۔

’بہت جلد ایسے تمام جعلی مقدمات ختم کیے جائیں گے کیونکہ ان کیسز میں کوئی حقیقت نہیں۔‘
’پہلے مرحلے میں ہم یہ جعلی مقدمات ختم کر رہے ہیں۔ اس کے بعد جنھوں نے یہ کھیل کھیلا انہیں حساب دینا پڑے گا۔‘

شیئر: