جدہ سیزن: ’سٹی واک‘ میں انواع و اقسام کے کھانے
چائنا ٹاون میں روایتی چھتریاں اور قمقمے لگائے گئے ہیں (فوٹو، ایس پی اے)
جدہ سیزن 2024 کے تحت کورنیش پر واقع تفریحی مقام ’سٹی واک‘ میں موجود انواع و اقسام کے کھانوں سے شائقین لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق امسال جدہ سیزن کے تحت ساحلی تفریحی مقامات میں سب سےزیادہ سٹی واک کا علاقہ لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
سٹی واک کے علاقے میں مختلف ممالک کے اہم مقامات کی مجسم عکاسی کی گئی ہے جس سے وہاں آنے والوں کو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہ اسی ملک میں گھوم رہے ہیں۔ وہاں موجود ’چائنا ٹاون ‘ کو رنگ برنگے چائینز قمقمو اور مخصوص چھتریوں سے سجایا گیا ہے علاوہ ازیں چین کے روایتی پکوانوں کے اسٹالز بھی لگائے گئے ہیں جو وہاں آنے والوں کے لیے ایک منفرد تجربہ ہے۔
سٹی واک میں مختلف مقامات پر خصوصی طورپر تیار کردہ خوانچے رکھے گئے ہیں جہاں گرم اور ٹھنڈے مشروبات فروخت کیے جارہے ہیں علاوہ ازیں مختلف علاقوں میں مروجہ فاسٹ فوڈ بھی شائقین کے لیے خصوصی دلچسپی کا باعث ہیں۔