Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ سیزن: سٹی واک میں شائقین کے لیے الیکٹریکل ویل چیئرز

جدہ سیزن کے تحت تفریحی سرگرمیاں آئندہ ماہ تک جاری رہیں گی(فوٹو، ایس پی اے)
جدہ سیزن 2024 کے تحت ساحلی علاقے میں مختلف نوعیت کے تفریحی پروگراموں کا سلسلہ جاری ہے۔ کورنیش پرتفریح کے لیے بنایا گیا ’سٹی واک ‘   میں آنے والوں کے لیے انتظامیہ نے الیکٹریکل ویل چیئرز کا بھی انتظام کیا ہے تاکہ معمر افراد کو دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق سٹی واک کے نام سے بنائے جانے والے تفریحی مرکز میں مختلف ممالک کے پویلین بنائے گئے ہیں جہاں ان ممالک کے معروف مقامات کے ماڈلز کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔
کافی بڑے رقبے پرپھیلے ہوئے سٹی واک میں گھومنے کے لیے اگرچہ عام افراد کو بھی تھکن کا سامنا کرنا پڑتا ہے تاہم معمر یا بیمار افراد کے لیے ان مقامات کو دیکھنا کافی دشوار ہوجاتا ہے۔
تفریحی مقام ’سٹی واک‘ میں آنے والے معمر افراد کی سہولت کےلیے انتظامیہ نے الیکٹریکل ویل چیئرز کا خصوصی اہتمام کیا ہے تاکہ انہیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
فراہم کی جانے والی الیکٹریکل ویل چیئرز میں دو افراد آرام سے بیٹھ کر تفریحی مقامات پرجاسکتے ہیں اور انہیں دشواری کا سامنا بھی نہیں کرنا پڑتا۔
واضح رہے انٹرٹینمنٹ اتھارٹی ہربرس موسم گرما کی تعطیلات میں تفریحی پروگرامز منعقد کرتی ہے جس کے تحت جدہ کورنیش کے وسیع و عریض علاقے میں متعدد مقامات کو مخصوص کیا گیا ہے۔
جدہ سیزن کا افتتاح گزشتہ ماہ کیا گیاتھا اس موقع پرکورنیش پرشاندار آتشبازی اور خوبصورت ڈرون شو پیش کیے گئے جسے لوگوں نے بے حد سراہا۔ علاوہ ازیں شہزادہ ماجد پارک میں بھی لوگوں کے لیے تفریح کا بندوبست کیا گیا ہے جس کا سلسلہ اگست کے دوسرے ہفتے تک جاری رہے گا۔

شیئر: