Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اداکار طاہر انجم پر تشدد کرنے والی پی ٹی آئی کی کارکن ’نیلی پری‘ گرفتار

انیلہ ریاض نے بدھ کو پنجاب اسمبلی کی عمارت کے سامنے طاہر انجم پر حملہ کر دیا تھا۔ (فوٹو: پنجاب پولیس)
لاہور پولیس نے مسلم لیگ ن کے کلچرل ونگ کے رہنما اور فنکار طاہر انجم پر تشدد کرنے والی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کارکن کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس نے جمعرات کو طاہر انجم کی درخواست پر پی ٹی آئی کی کارکن انیلہ ریاض عرف نیلی پری اور ان کے نامعلوم ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے انیلہ ریاض کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ روز بدھ کو پی ٹی آئی کے بھوک ہڑتالی کیمپ کے سامنے گزرتے ہوئے طاہر انجم پر تشدد کیا گیا، ان کے کپڑے پھاڑے گئے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں۔
بدھ کو پنجاب اسمبلی کی عمارت کے سامنے طاہر انجم پر اس وقت انیلہ ریاض نے حملہ کر دیا تھا جب وہ اپنی گاڑی میں اس جگہ موجود تھے جہاں پاکستان تحریک انصاف کے حامی احتجاج کر رہے تھے۔
عینی شاہدین کے مطابق طاہر انجم پر پنجاب اسمبلی کے باہر گاڑی میں تشدد کیا گیا۔ اور پی ٹی آئی کی کارکنوں ںے ان کے کپڑے پھاڑ دیے۔
اس واقعے کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہیں جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بظاہر پی ٹی آئی کارکنان حملہ آور ہیں۔
انیلہ ریاض نے اس واقعے کے بعد بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’یہ بندہ عمران خان کے خلاف ویڈیوز بناتا ہے۔‘
طاہر انجم تھیٹر اداکار ہیں اور مزاحیہ کردار ادا کرتے ہیں اور اب مسلم لیگ ن سے وابستہ ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق نجی سکیورٹی گارڈز کی مداخلت سے طاہر انجم بمشکل نکلنے میں کامیاب ہوئے۔
پی ٹی آئی کارکنوں کا موقف ہے کہ انہوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو دہشت گرد کہا ہے اور یہ کہ وہ احتجاج کرنے والوں کی ویڈیوز بنا رہے تھے۔

شیئر: