Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اولمپک کمیٹی کی افتتاحی تقریب میں غلط فہمی پر جنوبی کوریا سے معذرت

اس غلطی نے جنوبی کوریا میں ناخوشگوار ردعمل کو جنم دیا ہے (فوٹو اے ایف پی)
پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب کے دوران بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) نے ایک غلط فہمی پر معذرت کی جس میں جنوبی کوریا کے ایتھلیٹس کو غلط طور پر شمالی کوریا کا کہا گیا تھا۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق آئی او سی نے اپنے سرکاری کوریائی زبان کے ایکس اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ’ہم اس غلطی کے لیے دل کی گہرائیوں سے معذرت خواہ ہیں جو افتتاحی تقریب کی نشریات کے دوران جنوبی کوریا کی ٹیم کا تعارف کرواتے ہوئے ہوئی تھی۔‘
اس غلطی نے جنوبی کوریا میں ناخوشگوار ردعمل کو جنم دیا ہے۔ جنوبی کوریا ایک عالمی ثقافتی اور تکنیکی پاور ہاؤس ہے جو تکنیکی طور پر ابھی تک جوہری ہتھیاروں سے لیس شمالی  کوریا کے ساتھ جنگ ​​میں ہے۔
کورین سپورٹ اینڈ اولمپک کمیٹی نے سنیچر کو کہا کہ اسے آئی او سی کی جانب سے ایک پیغام موصول ہوا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ اس کے سربراہ تھامس باخ فون پر جنوبی کوریا کے صدر سے براہ راست معافی مانگنا چاہتے ہیں۔
قبل ازیں جنوبی کوریا کی وزارت کھیل نے ایک بیان میں کہا کہ وہ 2024 کے پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب کے دوران اس اعلان پر ’افسوس کا اظہار‘ کرتی ہے، جہاں جنوبی کوریا کے وفد کو شمالی کوریا کی ٹیم کے طور پر متعارف کرایا گیا تھا۔
مزید کہا گیا کہ 2008 کے اولمپک ویٹ لفٹنگ چیمپیئن دوسرے نائب وزیر کھیل جنگ می رن نے اس معاملے پر بات کرنے کے لیے آئی او سی کے سربراہ باخ سے ملاقات کی درخواست کی ہے۔
ملک کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ اس نے سیول میں فرانسیسی سفارت خانے سے رابطہ کیا ہے جس نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا ہے کہ یہ ایک ’ناقابل فہم غلطی‘ ہے۔
شمالی کوریا کو صحیح طریقے سے ملک کے سرکاری نام کے ساتھ متعارف کرایا گیا تھا۔
دونوں کوریائی ممالک کے درمیان تعلقات برسوں میں نچلی ترین سطح پر ہیں، شمالی کوریا روس کے ساتھ فوجی تعلقات کو مضبوط کر رہا ہے جبکہ ہزاروں کوڑے کرکٹ سے بھرے غبارے جنوب کو بھیج رہا ہے۔

شیئر: