Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی ایتھلیٹس جو پیرس اولمپکس میں قسمت آزمائیں گے

پیرس اولمپکس میں پاکستان کے سات ایتھلیٹس شرکت کر رہے ہیں (فائل فوٹو: گیٹی)
فرانس کے دارلحکومت پیرس میں 26 جولائی سے 11 اگست تک جاری رہنے والے پیرس اولمپکس 2024 میں پاکستان کی جانب سے سات ایتھلیٹس شرکت کر رہے ہیں۔
کھیل کی خبروں کے متعلق رپورٹ کرنے والی ویب سائٹ ’سپورٹس ناؤ‘ کے مطابق اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے ایتھلیٹس کی تعداد گو کہ زیادہ نہیں ہے لیکن ان سات ایتھلیٹس کا اولمپکس تک پہنچنا ان کی محنت، دیدہ دلیری اور ان کی غیر معمولی صلاحیتوں کو ایک طرح سے خراج تحسین بھی ہے۔
ساری قوم ان ایتھلیٹس کے ساتھ یکجہتی اور غیرمتزلزل حمایت کا اظہار کر رہی ہے۔ پاکستان کی جانب سے پیرس اولمپکس 2024 میں بھیجے گئے ان سات ایتھلیٹس میں ارشد ندیم، کشمالہ طلعت، گلفام جوزف، غلام مصطفیٰ بشیر، جہاں آرا نبی، محمد احمد درانی اور فائقہ ریاض شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان نے آخری مرتبہ اولمپکس میں کوئی بھی تمغہ 1992 کے بارسلونا اولمپکس میں جیتا تھا۔ اس برس پاکستان کی ہاکی ٹیم تیسرے نمبر پر رہی تھی اور کانسی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب ہوئی تھی جبکہ انفرادی مقابلوں میں آخری مرتبہ پاکستان نے کوئی بھی تمغہ 1988 میں جیتا تھا۔
آئیے جانتے ہیں پیرس اولمپکس 2024 میں شرکت کرنے والے یہ سات پاکستانی ایتھلیٹس کون ہیں اور یہ کس کھیل میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے؟

ارشد ندیم

ارشد ندیم کا تعلق صوبہ پنجاب کے علاقے میاں چنوں سے ہے۔ 27 سالہ ارشد ندیم ماضی میں پاکستان کے لیے کامن ویلتھ گیمز میں سونے اور عالمی ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ میں چاندی کا تمغے جیت چکے ہیں۔
اس کے علاوہ وہ 2017 میں اسلامک سالیڈیرٹی گیمز میں بھی پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ ارشد ندیم پیرس اولمپکس کے جیولن تھرو مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
انہوں نے اولمپکس میں سٹینڈرڈ انٹری کے ذریعے رسائی حاصل کی ہے جبکہ پیرس اولمپکس میں ارشد ندیم کو پاکستان کی واحد میڈل کی امید سمجھا جا رہا ہے۔

ارشد ندیم پیرس اولمپکس کے جیولن تھرو مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

عالمی رینکنگ میں پانچویں نمبر پر براجمان ارشد ندیم اور ان کے روایتی حریف عالمی نمبر ایک انڈیا کے نیرج چوپڑا کے جیولن کے مقابلوں کو پاکستان اور انڈیا دونوں ملکوں میں انتہائی دلچسپی سے دیکھا جاتا ہے۔ اس مرتبہ پیرس گیمز میں بھی یہ دونوں آمنے سامنے ہوں گے۔
دوسری جانب لاہور میں ٹریننگ کے دوران انہیں مشکلات کا سامنا تھا جہاں انہوں نے سہولیات کے فقدان کی شکایت کی تھی۔

فائقہ ریاض

فائقہ ریاض کا تعلق پاکستان کے صوبہ پنجاب کے علاقے حافظ آباد سے ہے اور وہ اکاؤنٹنگ اور فنانس میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کر چکی ہیں تاہم پیرس اولمپکس میں وہ خواتین کی سپرنٹ میں شرکت کرنے والی پہلی پاکستانی ہیں۔

فائقہ ریاض پیرس اولمپکس میں خواتین کی سپرنٹ میں شرکت کرنے والی پہلی پاکستانی ہیں (فائل فوٹو: سکرین گریب)

اس سے قبل فائقہ 100 میٹر سپرنٹ میں قومی سطح پر اپنا بہترین ٹائم ریکارڈ کر چکی ہیں جو 11.75 سیکنڈ ہے۔ یہ پاکستان میں خواتین کی سپرنٹ میں تیز ترین ہے۔

غلام مصطفی بشیر

غلام مصطفیٰ بشیر کا تعلق صوبہ سندھ کے دارحکومت کراچی سے ہے اور وہ ماضی میں ٹوکیو اور ریو اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔
اس سے قبل 37 سالہ پاکستانی نشانہ باز نے 2022 میں مصر کے شہر قاہرہ میں ورلڈ چیمپیئن شپ کے دورن کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔
پیرس اولمپکس میں غلام مصطفیٰ 25 میٹر ریپڈ فائر پسٹل مقابلے میں حصہ لیں گے اور ابتدائی راؤنڈ کے بعد اس کا فائنل پانچ اگست کو ہوگا۔

گلفام جوسف

گلفام جوسف کا تعلق جہلم سے ہے اور وہ اس سے قبل ٹوکیو اولمپکس میں بھی پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔
گلفام جوسف رواں برس انڈونیشیا کے شہر جکارتہ میں ہونے والی ایشین چیمپیئن شپ میں کانسی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب ہوئے تھے جبکہ وہ 2022 میں قاہرہ میں ہونے والی عالمی شوٹنگ چیمپیئن شپ میں انہوں نے چھٹی پوزیشن حاصل کی تھی۔
گلفام جوسف نے پیرس اولمپکس کے لیے براہ راست کوالیفائی کیا ہے۔
گلفام جوسف 27 جولائی کو 10 میٹر پسٹل کے انفرادی مقابلے کے علاوہ کشمالہ طلعت کے ساتھ مکسڈ ٹیم ایونٹ میں بھی حصہ لیں گے۔

گلفام جوسف اور کشمالہ طلعت نے 2024 میں جکارتا میں کانسی کے تمغے جیتے (فوٹو: سوشل میڈیا، سکرین گریب)

کشمالہ طلعت

21 سالہ کشمالہ طلعت کا تعلق پاکستان کے شہر راولپنڈی سے ہے اور وہ پیرس اولمپکس میں 10 میٹر ائیر پسٹل اور 25 میٹر پسٹل شوٹنگ مقابلوں میں حصہ لے رہی ہیں۔
کشمالہ طلعت پاکستان کی تین رکنی شوٹنگ ٹیم کا حصہ ہیں اور رواں برس ایشین شوٹنگ چیمپیئن شپ میں سلور میڈل جیت کر انھوں نے اولمپکس میں رسائی حاصل کی تھی۔
کشمالہ طلعت نے گزشتہ برس ایشین چیمپین شپ میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔ جبکہ اس سے قبل کشمالہ طلعت نے پہلی مرتبہ سنہ 2019 میں جنوبی ایشیائی کھیلوں میں پاکستان کے لیے کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔

جہاں آرا نبی

20 سالہ جہاں آرا نبی کا تعلق پاکستان کے شہر لاہور سے ہے اور وہ پیرس اولمپکس میں پاکستان کی جانب سے 200 میٹر کی فری سٹائل سوئمنگ ریس میں حصہ لیں گی۔
اس سے قبل جہاں آرا نبی کامن ویلتھ گیمز سمیت متعدد بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکی ہیں۔

جہاں آرا 28 جولائی کو 200 میٹر کی پہلی ہیٹ میں شرکت کریں گی (فائل فوٹو: انسٹاگرام، جہاں آرا)

جہاں آرا 28 جولائی کو 200 میٹر کی پہلی ہیٹ میں شرکت کریں گی جبکہ اس ایونٹ کے سیمی فائنلز بھی اسی روز ہوں گے۔

محمد احمد درانی

پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے دبئی میں مقیم پاکستانی تیراک 18 سالہ محمد احمد درانی بھی پیرس اولمپکس میں 200 میٹر کی فری سٹائل سوئمنگ ریس میں حصہ لیں گے۔
احمد درانی تیراکی کے دو سو میٹر فری سٹائل مقابلوں میں 28 جولائی کو ابتدائی راؤنڈ میں شرکت کریں گے جبکہ اس ایونٹ کے سیمی فائنلز بھی اسی روز ہوں گے۔

شیئر: