Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لبنان پر حملے ’غیرمتوقع نتائج‘ کا باعث بن سکتے ہیں، ایران کی اسرائیل کو وارننگ

حزب اللہ نے گولان کی پہاڑیوں پر راکٹ حملے کی ذمہ داری قبول کرنے سے انکار کیا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
ایران نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ لبنان میں کوئی بھی نئی عسکری ’مہم جوئی غیر متوقع نتائج‘ کا باعث بن سکتی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنانی نے کہا ہے کہ ’صہونی حکومت کے لاعلمی پر مبنی کسی بھی اقدام سے خطے میں عدم استحکام، عدم تحفظ اور جنگ کا دائرہ وسیع ہو سکتا ہے۔‘
ترجمان نے کہا کہ ’ایسے احمقانہ رویے کے غیرمتوقع نتائج اور اس پر ردعمل کا‘ ذمہ دار اسرائیل ہو گا۔
جنوبی لبنان پر مہلک حملے کے بعد حزب اللہ نے سنیچر کو اسرائیلی ملٹری پوزیشنز پر متعدد حملے کرنے کی ذمہ داری قبول کی ہے تاہم گولان کی پہاڑیوں میں مجدل شمس کے علاقے پر راکٹ حملوں سے حزب اللہ نے انکار کیا ہے، جس میں اسرائیل کے مطابق بچوں سمیت 12 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
ناصر کنانی نے اسرائیل پر الزام عائد کیا کہ وہ غزہ کی پٹی میں اپنے جرائم چھپانے اور ان پر سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے حزب اللہ کو ذمہ دار ٹھہرا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کے پاس ’زرا بھی اخلاقی طاقت نہیں ہے کہ وہ گولان کی پہاڑیوں میں مجدل شمس کے علاقے میں ہونے والی ہلاکتوں پر تبصرہ بھی کرے۔‘
اسرائیل نے 1967 میں گولان کی پہاڑیوں کو شام کے قبضے سے لیتے ہوئے اپنے ملک میں ضم کر دیا تھا جبکہ اقوام متحدہ اس اقدام کی توثیق نہیں کرتا۔
ایران، اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا اور 1979 میں اسلامی انقلاب کے بعد سے فلسطینی جدوجہد اس کی خارجہ پالیسی میں مرکزی حیثیت رکھتی ہے۔

گولان کی پہاڑیوں پر حملے میں بچوں سمیت 12 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

سنیچر کو اسرائیل کے زیرِقبضہ گولان کی پہاڑیوں میں فٹبال گراؤنڈ پر راکٹ حملے میں 12 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
 اسرائیل نے اس حملے کا الزام حزب اللہ پر عائد کیا ہے تاہم لبنانی تنظیم نے اس کی تردید کی ہے۔
حزب اللہ نے ایک تحریری بیان میں کہا ہے کہ اُس کا اس واقعے سے قطعی طور پر کوئی تعلق نہیں ہے اور وہ اس حوالے سے تمام جھوٹے الزامات کی سختی سے تردید کرتی ہے۔
اسرائیل کی فوج نے کہا کہ وہ راکٹ حملے کے جواب کی تیاری کر رہی ہے۔ یہ غزہ میں تنازع کے آغاز کے بعد سے اسرائیل یا اسرائیل کے زیرِقبضہ علاقے پر سب سے مہلک حملہ ہے۔
فٹبال گراؤنڈ پر حملے سے قبل سنیچر کو ہی لبنان پر ایک اسرائیلی فضائی حملے میں چار عسکریت پسند ہلاک ہوئے تھے۔

شیئر: