Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غزہ کے سکول پر اسرائیل کے ٖفضائی حملے میں 30 فلسطینی ہلاک، 100 سے زائد زخمی

اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے حماس کے کمانڈ سینٹر پر حملہ کیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
فلسطینی محکمہ صحت کے حکام نے کہا ہے کہ وسطی غزہ میں دیر البلاح میں ایک سکول پر اسرائیلی حملے میں کم از کم 30 فلسطینی ہلاک ہو گئے، جبکہ اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے حماس کے کمانڈ سینٹر پر حملہ کیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق غزہ کی وزارت صحت اور حماس کے زیرانتظام سرکاری میڈیا آفس نے دیر البلاح میں سکول پر حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بتائی ہے اور کہا ہے کہ 100 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ اس نے وسطی غزہ میں خدیجہ سکول کے احاطے میں حماس کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو نشانہ بنایا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سکول کو فوجیوں کے خلاف حملوں اور ہتھیاروں کے ذخیرے کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا اور اس نے شہریوں کو حملے سے پہلے خبردار کیا تھا۔
دیر البلاح کے الاقصیٰ ہسپتال میں ایمبولینسوں نے زخمی فلسطینیوں کو طبی مرکز تک پہنچایا۔ کچھ زخمی پیدل بھی پہنچے جن کے کپڑے خون سے رنگے ہوئے تھے۔
اس سے قبل اس طرح کے حملوں میں اسرائیل کی فوج نے عسکریت پسند اسلامی گروپ حماس پر شہریوں کو نقصان پہنچانے کا الزام عائد کیا ہے کہ وہ گنجان آباد محلوں، سکولوں اور ہسپتالوں میں کام کر رہا ہے۔ تاہم حماس اس کی تردید کرتی ہے۔
اس سے پہلے سنیچر کو فلسطینی سرکاری میڈیا نے کہا تھا کہ جنوبی شہر خان یونس میں صبح سے لے کر اب تک اسرائیلی حملوں میں کم از کم 14 فلسطینی ہلاک ہوئے اور ان کی لاشیں ناصر میڈیکل کمپلیکس لائی گئیں۔
غزہ کے محکمہ صحت کے حکام کے مطابق اسرائیلی حملوں سے 39 ہزار سے زیادہ فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔

شیئر: