Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات اور اسرائیل کے تعاون سے غزہ کے ہسپتال میں انٹرنیٹ سروس فعال: ایلون مسک

سٹارلنک سیٹلائٹس کے نیٹ ورک کے ذریعے انٹرنیٹ سروس مہیا کرتا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
سپیس ایکس کے چیف ایگزیکٹیو ایلون مسک نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے تعاون سے سٹارلنک سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس کو غزہ کے ایک ہسپتال میں فعال کر دیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق خلیجی عرب ریاست کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید النہیان نے غزہ میں متحدہ عرب امارات کے فیلڈ ہسپتال کی مدد کرنے پر ارب پتی کاروباری شخصیت کا شکریہ ادا کیا جہاں بہت سے طبی مراکز تباہ ہو چکے ہیں اور ادویات کی کمی ہے۔
بدھ کو ایلون مسک نے ایکس پر پوسٹ کیا کہ ’متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے تعاون سے غزہ کے ہسپتال میں سٹارلنک ایکٹیو ہے۔‘

یہ اعلان اسرائیلی حکومت کی جانب سے رفح کے ایک ہسپتال میں سٹارلنک کے استعمال کی منظوری کے پانچ ماہ بعد سامنے آیا ہے۔
منگل کو مقامی افراد نے بتایا کہ اسرائیلی فورسز نے مصر کی سرحد کے قریب رفح میں کئی مکانات کو دھماکے سے اڑا دیا ہے۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ آپریشن کا مقصد حماس کی آخری بٹالین کو ختم کرنا ہے۔
فروری میں متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ تیز رفتار انٹرنیٹ ویڈیو کالنگ کے ذریعے طبی مشاورت میں مدد حاصل ہو سکے گی۔
حماس کے اسرائیل پر سات اکتوبر کے حملے میں 1200 افراد ہلاک ہو گئے تھے اور 250 افراد کو یرغمال بنایا گیا تھا۔
غزہ میں حماس کے زیرانتظام وزارت صحت کے اعدادوشمار کے مطابق اسرائیل کی جوابی کارروائی میں 39 ہزار سے زیادہ فلسطینی مارے گئے۔

شیئر: