Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بڑی جنگ سے بچنے کی کوششیں، اسرائیل حزب اللہ کو ’سخت جواب‘ دینے پر مُصر

اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا کہ ’حزب اللہ کے خلاف ہمارا ردعمل سخت ہو گا۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کے لیے لبنان اور دیگر ممالک کے مابین روابط تیز ہو گئے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق اس بات چیت کا مقصد لبنان کو تنازع کی زد میں آنے سے بچانا ہے۔
لبنانی حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ’بین الاقوامی مذاکرات اب تک مکمل جنگ پر قابو پانے میں کامیاب ہو چکے ہیں۔‘
اسرائیلی فوج کے ترجمان اویچی ادرائی نے کہا کہ ’حزب اللہ کے خلاف ہمارا ردعمل واضح اور سخت ہو گا۔‘
لبنانی سکیورٹی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ حزب اللہ نے اتوار سے اسرائیلی حملے کے امکان کے پیش نظر لبنان اور شام کی سرحد کے قریب  جنوب اور بیکا میں کئی اہم مقامات اور شام میں سیدہ زینب کے قریبی علاقوں کو خالی کر دیا ہے۔
سفات خانوں کے بجائے وزارت خارجہ نے اپنے شہریوں کو خبردار کیا کہ وہ فوری طور پر لبنان چھوڑ دیں یا طویل مدت تک پناہ کے لیے تیار رہیں۔
نگراں وزیراعظم نجیب میکاتی سے برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں انہوں نے ’تمام فریقین سے کشیدگی روکنے کے لیے تحمل سے کام لینے کی اپیل کی۔‘
انہوں نے ’پُرامن طریقے اور متعلقہ بین الاقوامی قراردادوں کے نفاذ سے تنازعات کو حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔‘

اسرائیل نے گولان کی پہاڑیوں میں فٹ بال گراؤنڈ پر حملے میں 12 بچوں کی ہلاکت کا الزام حزب اللہ پر عائد کیا ہے (فوٹو:اے ایف پی)

روئٹرز کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور ’گولان کی پہاڑیوں میں میزائل حملے کے بعد تنازعات میں اضافے کو روکنے کی ضرورت پر زور دیا۔‘
انٹونی بلنکن اور اسرائیلی صدر نے ​​’ایک ایسے سفارتی حل پر تبادلہ خیال کیا جو اسرائیل-لبنانی سرحد کے دونوں طرف کے رہائشیوں کو اپنے گھروں کو لوٹنے کی اجازت دے۔‘
روئٹرز کے مطابق ایک اسرائیلی اہلکار کا کہنا تھا کہ’ہم حزب اللہ کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، لیکن ہم پورے پیمانے پر علاقائی جنگ کے خواہاں نہیں ہیں۔‘
اسرائیل کے زیرقبضہ گولان کی پہاڑیوں میں ایک تباہ کن راکٹ حملے نے ان خدشات کو ہوا دی ہے کہ اسرائیل اور ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا حزب اللہ ایک مکمل جنگ کی جانب بڑھ سکتے ہیں۔
اسرائیل نے گولان کی پہاڑیوں میں ایک فٹ بال گراؤنڈ پر راکٹ حملے میں 12 بچوں کی ہلاکت کا الزام حزب اللہ پر عائد کیا ہے۔
حزب اللہ نے مقبوضہ گولان ہائٹس کے علاقے مجدل شمس پر حملے کے الزام کی تردید کی ہے تاہم اسرائیل مُصر ہے کہ یہ حملہ لبنانی ملیشیا نے ہی کیا ہے۔

شیئر: