Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین ریاست کیرالہ میں بارش اور لینڈسلائیڈنگ سے 93 ہلاکتیں

کیرالہ کے وزیر برائے ایکسائز ایم بی راجیش نے کہا ہے کہ ’اب تک 250 سے زیادہ افراد کو ریسکیو کیا جا چکا ہے‘ (فوٹو: روئٹرز)
انڈیا میں حکام کے مطابق مون سون کی بارشوں سے چائے کے باغات کو شدید نقصان پہنچا ہے، منگل کو لینڈسلائیڈنگ کے باعث 93 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ کیچڑ اور ملبے سے 250 افراد کو ریسکیو کرلیا گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جنوبی ساحلی ریاست کیرالہ بارشوں سے زیادہ متاثر ہوئی ہے، ضلع وایناڈ کے متاثرہ علاقے میں ریلیف کی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں۔
کیرالہ کے وزیراعلٰی پینارائے وجیان نے رپورٹرز کو بتایا کہ ’اب تک 93 نعشوں مل چکی ہیں، یہ ہماری ریاست میں آنے والی بدترین قدرتی آفات میں سے ایک ہے۔‘
انہوں ںے کہا کہ ’ریسکیو کیے گئے مزید 128 افراد کو طبی امداد کے لیے ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔‘ 
وزیراعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’میری ہمدردیاں ان تمام افراد کے ساتھ ہیں جن کے عزیز و اقارب زخمی ہوئے ہیں یا ان کی جانیں گئی ہیں۔‘
وایناڈ کا علاقہ چائے کے باغات کے لیے مشہور ہے جو اس کے پہاڑی علاقوں میں واقع ہیں اور یہاں کاشت کاری اور شجرکاری کے لیے عارضی مزدوروں پر انحصار کیا جاتا ہے۔
ضلع میں کئی مقامات پر فجر سے قبل یکے بعد دیگرے مٹی کے دو تودے اس وقت گرے جب یہاں کے زیادہ تر رہائشی سو رہے تھے۔
نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کی طرف سے جاری کی گئی تصاویر میں بچ جانے والے افراد کی تلاش اور ریسکیو کے عملے کی جانب سے نعشوں کو کیچڑ سے نکالتے اور علاقے سے باہر لے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

انڈین فوج کے مطابق ’ریاستی سکیورٹی فورسز اور عملے کی مدد کے لیے 200 سے زائد فوجیوں کو تعینات کیا گیا ہے‘ (فوٹو: اے پی)

جس علاقے میں تباہی ہوئی اس کے اردگرد لینڈسلائیڈنگ کی وجہ سے کاروں اور دیگر اشیا کا ملبہ بکھرا پڑا ہے جبکہ لوگوں کے گھر کیچڑ سے بھر گئے ہیں۔
انڈین فوج نے بتایا ہے کہ علاقے میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن کی کوششوں میں ریاستی سکیورٹی فورسز اور عملے کی مدد کے لیے علاقے میں 200 سے زائد فوجیوں کو تعینات کردیا گیا ہے۔
ریاست کیرالہ کے وزیر برائے ایکسائز ایم بی راجیش نے کہا ہے کہ ’اب تک 250 سے زیادہ افراد کو ریسکیو کیا جا چکا ہے۔‘ 
وزیراعظم نریندر مودی کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہر متاثرہ خاندان کو 2 ہزار 400 ڈالر (دو لاکھ انڈین روپے) معاوضہ ادا کیا جائے گا۔‘
کیرالہ کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’منگل کو ریاست میں مزید بارش اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔‘

شیئر: