Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مدینہ منورہ میں تیسرے کتب میلے کا افتتاح، 300 سے زائد ناشران شریک

مدینہ منورہ میں تیسرے کتب میلے کا آغاز ہو گیا۔ میلے میںعرب اور دیگر ممالک کے 300 سے زائد ناشران شرکت کر رہے ہیں ۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق میلہ کا انعقاد ادب ، اشاعت و ترجمہ اتھارٹی نے کیا ہے جو 5 اگست تک جاری رہے گا۔
اتھارٹی کے سی ای او ڈاکٹر محمد حسن علوان کا کہنا تھا کہ مدینہ منورہ کتاب میلہ دانشوروں اور کتب و ثقافت سے قربت رکھنے والوں میں ایک مثالی مقام رکھتا ہے جس سے سعودی ثقافت بھی اجاگرہوتی ہے۔
ڈاکٹر علوان کا مزید کہنا تھا کہ میلہ میں آنے والے مہمانوں کے لیے مختلف ثقافتی پروگرامز کا بھی انتظام کیا گیا ہے جو ثقافتوں کے تبادلے میں معاون ثابت ہوں گے۔
کتب میلے کے ذریعے سعودی ادیب اور ناشران کے تعارف کا بھی موقع ملے گا جبکہ اس سے معاشرے میں ثقافتی اقدار کو بھی فروغ ملے گا جو مملکت کے ویژن 2030 سے ہم آہنگ ہے۔
مدینہ منورہ کتب میلے میں سیمینارز ، مباحثے ، مختلف موضوعات پر ورکشاپس اور شعری محافل کا بھی خصوصی طورپر انتظام کیا گیا ہے۔

کتب میلہ 20 ہزار مربع میٹر کے رقبے پر پھیلا ہوا ہے(فوٹو، ایس پی اے)

بچوں کے لیے بھی میلے میں خصوصی دلچسپی کا سامان فراہم کیا گیا ہے جن سے 3 سے 12 برس تک کے بچے مستفیض ہوسکیں گے۔ بچوں کے لیے تعمیری و اصلاحی کہانیوں کی کتابوں کے لیے ایک علاقہ جسمانی کھیل کےلیے بھی مخصوص کیا گیا ہے جبکہ کوکنگ کے شائقین کے لیے بھی یہاں بہت کچھ موجود ہے۔
واضح رہے تیسرا مدینہ منورہ کتب میلہ شاہ سلمان انٹرنیشنل کانفرنس و نمائش سینٹر کے عقب میں 20 ہزار مربع میٹر کے رقبے پر بنایا گیا ہے جو دوپہر 2 سے نصف شب تک عوام کے لیے کھولا جاتا ہے۔

شیئر: