سعودی عرب کی بھرپور شرکت، نئی دہلی کتب میلہ ختم
سعودی پویلین کے تحت متعدد ثقافتی و تاریخی پروگرام پیش ہوئے‘ ( فوٹو: عاجل)
نئی دہلی کتب میلہ اختتام پذیر ہوگیا۔ سعودی عرب نے اعزازی مہمان کے طور پرشرکت کی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق نئی دہلی کتب میلہ 9 دن تک جاری رہا جس میں سعودی پویلین کے تحت متعدد ثقافتی و تاریخی پروگرام متعارف کرائے گئے۔
انڈین وزیٹرز کو سعودی عرب کی تہذیب وثقافت اور رسم و رواج کے علاوہ فنون سے متعارف کرانے کے لیے 13 سے زیادہ پروگرام منعقد کیے گئے۔
کتب میلے میں سعودی عرب کی طرف سے سعودی فوڈ اور سعودی میوزک نائٹ کا انعقاد ہوا جس میں سعودی عرب کے مختلف شہروں کے پکوانوں کے علاوہ سعودی عرب کی لوک موسیقی اور علاقائی رقص پیش کیا گیا۔
دونوں پروگراموں میں انڈیا کے حکومتی عہدیداروں سمیت مختلف سفارتخانوں کے اہلکار اور میڈیا نمائندے شریک تھے۔
کتب میلے میں سعودی سٹال کے تحت مقامی ملبوسات اورسعودی قہوہ سے لوگوں کو متعارف کرایا گیا نیز مقامی کلچر پر مشتمل کتابچے تقسیم کیے گئے۔
سعودی عرب کے تاریخی ورثے کی تصاویر اور آثار قدیمہ کے علاوہ سیاحتی مقامات سے بھی وزیٹرز کو متعارف کرایا گیا۔